بنگلور: پلیئرز کو کرپشن کی دھن پر نچانے والا آئی پی ایل ڈرمر گرفتار ہوگیا۔
بنگلور کی سینٹرل کرائم برانچ نے کرناٹکا پریمیئر لیگ میں کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کے دوران ایک سیلبرٹی ڈرمر بھویش بافناک کو گرفتار کرلیا،وہ رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے آئی پی ایل میں شائقین کو لطف اندوز کرنے کیلیے ڈرم بجاتا ہے، بھویش تامل ناڈو اور کرناٹکا پریمیئر لیگ میں بھی مختلف ٹیموں سے اسی حیثیت سے منسلک ہے۔ ان پر الزام ہے کہ کرپشن کی دھن پر پلیئرز کو نچانا چاہا۔
26 سالہ بافنا پر الزام عائد کیا گیاکہ ایک فاسٹ بولر بھویش گولیچا کو آئی پی ایل کنٹریکٹ کا جھانسہ دے کر کے پی ایل میں ایک اوور میں 10 سے زائد رنز دینے پر اکسایا تاہم مذکورہ فاسٹ بولر نے ان کے خلاف ہی رپورٹ کردی۔ بافنا کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کے دہلی اور ممبئی کے بکیز سے روابط ہیں۔ خاص طور پر پولیس کو اب دہلی کے سنیام نامی بکی کی تلاش ہے جس کیلیے بافنا نے کھلاڑیوں کو فکسنگ پر اکسایا۔
جوائنٹ کمشنر پولیس (کرائم) سندیپ پٹیل نے کہاکہ کے پی ایل میچ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے جاری تحقیقات کے دوران ہم نے بافناکو گرفتار کیا جس نے بیلیری ٹسکرز کے بولر کو فکسنگ پر اکسایا مگر انھوں نے انکار کردیا۔
پولیس کے مطابق 26 سالہ فاسٹ بولر بھویش گولیچا، بافناک کے بچپن کا دوست بھی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ڈرمر نے آئی پی ایل کنٹریکٹ کے ساتھ 2 لاکھ روپے ایڈوانس دینے کا بھی کہا مگر میں نے انکار کردیا۔
یاد رہے کہ کے پی ایل فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران پولیس نے ایک فرنچائز بیلاگاوی پینتھرز کے مالک علی اشفاق تھارا کو بھی گرفتار کیا،ان پر اسی لیگ میں جوا کھیلنے کا الزام ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک دوسرے فرنچائز مالکان اور متعدد پلیئرز سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، لیگ میں فکسنگ کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم 12 پلیئرز کے اشفاق تھارا کے ساتھ روابط کا علم ہوا، ہماری تحقیقات جاری ہیں۔
The post پلیئرز کو کرپشن کی دھن پر نچانے والا بھارتی ڈرمر گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل