کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے نئے ڈومیسٹک نظام کی بقاکیلیے قومی اداروں سے مالی معاونت حاصل کرنے کے مشن کا آغاز کردیا۔
منگل کے روز چیئرمین احسان مانی، سی ای او وسیم خان اورڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید ودیگر ذمہ داران نے پی آئی اے ہیڈ آفس پہنچ کرچیف ایگزیکٹیو ایئرمارشل ارشد بیگ سے تفصیلی ملاقات کی، اس موقع پرانھیں انگلینڈ اورآسٹریلیا سے مطابقت رکھنے والے نئے اسٹرکچر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں پی سی بی نے 11 ڈپارٹمنٹس کو مالی امداد کے خطوط کا بھی حوالہ دیتے ہوئے قومی ایئرلائن سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرمارشل ارشد بیگ نے پی آئی اے کی خستہ مالی حالت کے پیش نظرکوئی یقین دہانی کرانے سے اجتناب برتا، البتہ ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔
دوسری جانب پی سی بی حکام نے دیگرمالیاتی اداروں کے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں،ان میں نیشنل بینک بھی شامل ہے، وفد بدھ کواسٹیٹ بینک کے ذمہ داران سے بھی میٹنگ کرے گا۔
The post نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر، قومی اداروں سے مالی معاونت حاصل کرنے کا مشن شروع appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل