لاس انجلس: امریکا میں سب وے اسٹیشن پر رہنے والی ایک خاتون کی گانا گاتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی جو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوئی ہے اور اب تک اسے 9 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔
یہ ویڈیو ایک پولیس افسر نے بنائی ہے جس میں مس ایملی زمورکا نامی ایک بے گھر خاتون اوپرا کا مشہور گانا گارہی ہے۔ اس کے بعد یہ ویڈیو بڑی تعداد میں دیکھی اور شیئر کی گئی اور لوگوں نے اسے باقاعدہ طور پر گانے کا مشورہ دیا۔
اس کے بعد گریمی ایوارڈ کےلیے نامزد ہونے والے مشہور موسیقار جوئل ڈائمنڈ نے اس خاتون کو گانا ریکارڈ کرانے کی پیشکش کی ہے جو بلاشبہ ایک بڑا اعزاز ہے۔ اس کے بعد جوئل اس ایملی کے کئی گیتوں پر مشتمل ’پیراڈائز‘ نامی ایک البم ریلیز کریں گے جسے ان کی کمپنی سلور بلیو ریکارڈز جاری کرے گی۔
اس شہرت کے بعد بےگھرایملی زمورکا نے کہا کہ اسے یقین نہیں آرہا کہ وہ اتنی مشہور ہوچکی ہیں۔ اس نے بتایا کہ نہ اس کے پاس فون ہے اور نہ ہی انٹرنیٹ تھا۔ اس کے بعد ایک صاحب نے اسے فون دیا تو پورے امریکا سے لوگوں نے زمورکا کو فون کیا اور اسے کہا کہ آپ بہت مشہور ہوچکی ہیں۔
اس کے بعد انٹرنیٹ پر چندے کی مہم چلائی گئی ہے جس کا مقصد زمورکا کے لیے ’گوفنڈ می‘ نامی ویب سائٹ پر فنڈ جمع کرنا تھا اور اب تک 70 ہزار ڈالر کی رقم جمع ہوچکی ہے۔
زمورکا گلوکارہ اور موسیقارہ تھیں لیکن جب وہ روس سے امریکا سے آئیں تو ان پر مشکل وقت آیا اور کسی نے ان کا وائلن بھی چرالیا۔ اس کے بعد وہ خاموش ہوگئیں اور سڑکوں پر رہنا شروع کردیا تھا۔ تاہم آج قسمت کی دیوی پھر ان پر مہربان ہوئی ہے۔
The post گمنام اور بے گھر گلوکارہ کےلیے ریکارڈنگ کی پیشکش اور ہزاروں ڈالر جمع appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب