اعصام الحق کا ڈیوس کپ مقابلے پاکستان سے باہر شفٹ کرنے پر ایونٹ کا بائی کاٹ

 لاہور:  

ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بھارتی اثرورسوخ پر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے  ڈیوس کپ مقابلے پاکستان سے باہر شفٹ کرنے پر ایونٹ کا بائی کاٹ کردیا۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کے نام احتجاجی خط میں ستارہ امتیاز پانے والے اعصام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کو جواز بناکر ڈیوس کپ ٹائی کو کسی دوسرے ملک میں شفٹ کرنا قابل افسوس ہے۔ پاکستان میں ہزار بھارتی کرتار پور راہداری اور دوسرے مختلف مقامات پر آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں، کسی بھارتی کو سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں۔

اعصام الحق نے کہا کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم لاہور میں کھیل چکی ہے، بنگلا دیش کی ٹیمیں مختلف شہروں میں کھیل چکی ہیں، برطانوی شاہی جوڑا اسلام آباد اور لاہور کی سیر کرچکا ہے، ہالینڈ کی وزیر اعظم پاکستان آرہی ہیں، ایسے میں آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے کہنے پر مقابلے بیرون شفٹ کردینا پاکستانی عوام سے زیادتی ہے۔

ٹینس اسٹار نے خط میں کہا کہ اگر ڈیوس کپ ٹینس ٹائی نیوٹرل مقام پر کرانے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو اس ایونٹ میں شرکت نہیں کروں گا، ہمیشہ پاکستان کی عزت اور نیک نامی کے لیے کھیلا ہوں اس لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے اس دہرے معیار اور بھارتی دوستی رویے پر آواز بلند کررہا ہوں۔

واضح رہے کہ ڈیوس کپ مقابلے 29 نومبر سے اسلام آباد میں ہونا تھے جس میں بھارتی ٹیم کو یہاں آکر کھیلنا تھا تاہم آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے دباؤ پر اسے اب نیوٹرل ملک میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

The post اعصام الحق کا ڈیوس کپ مقابلے پاکستان سے باہر شفٹ کرنے پر ایونٹ کا بائی کاٹ appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں