لاہور: ڈیوڈ وارنر کا نام ریکارڈ بک میں سنہری حروف سے درج ہوگیا، وہ سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے ٹاپ 10بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہوگئے، انھوں نے ڈان بریڈ مین اور مارک ٹیلر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آسٹریلیا کی جانب سے دوسرا بڑا انفرادی اسکور بھی بنا دیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز ویسٹ انڈین بیٹسمین برائن لارا کو حاصل ہے، انھوں نے انگلینڈ کیخلاف 2004 میں 400رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے،ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کیخلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 335رنز جوڑ کر ٹاپ 10کی آخری پوزیشن پر جگہ بنالی،لارا کے بعد سب سے بڑی اننگز(280)ایک اور آسٹریلوی میتھیو ہیڈن نے 2003 میں کھیلی تھی،اس کے بعد پھربرائن لارا (375)، جے وردنے(374)، گیری سوبرز(365)، لین ہٹن(364)، جے سوریا(340)، حنیف محمد(337)، ویلی ہیمنڈ(336) اور نئی انٹری کے طور پر ڈیوڈ وارنر(335) کے نام ہیں۔
ڈیوڈ وارنر نے 1930میں انگلینڈاور 1998میں پاکستان کیخلاف 334 رنز بنانے والے ڈان بریڈ مین اور مارک ٹیلر کو پیچھے چھوڑ دیا،وہ میتھیو ہیڈن کے بعد دوسری بڑی اننگز کھیلنے والے کینگرو بیٹسمین بن گئے ہیں،وارنر ٹرپل سنچری بنانے والے ساتویں آسٹریلوی اور دنیا کے 27ویں بیٹسمین ہیں۔
ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں اظہر علی کے بعد کسی دوسرے بیٹسمین نے ٹرپل سنچری بنائی، اوپنر نے ایڈیلیڈ میں سب سے بڑی اننگز بھی کھیلی، اس سے قبل ڈان بریڈ مین نے اسی میدان پر 1932 میں 299رنز اسکور کیے تھے۔
دوسری جانب اسٹیون اسمتھ نے 126اننگز میں 7000 رنز کا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 73سال سے قائم ریکارڈ توڑ دیا،انگلینڈ کے ویلی ہیمنڈ نے 1946میں 131اننگز میں یہ ہدف حاصل کرلیا تھا،اسمتھ ڈان بریڈ مین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 7000رنز بنانے والے آسٹریلیا کے 11ویں بیٹسمین کے طور پر اپنا نام درج کرانے میں بھی کامیاب ہوئے۔
ڈیوڈ وارنر اور لبوشین نے دوسری وکٹ کیلیے 361رنز جوڑے، یہ پاکستان کیخلاف کینگروز کی ریکارڈ اور پنک بال سے آل ٹائم سب سے بڑی شراکت ہے۔
وارنرکا ٹرپل سنچری مکمل کرنے کے بعدآنجہانی ہیوزکوخراج عقیدت
ڈیوڈ وارنر نے ٹرپل سنچری مکمل کرنے کے بعدآنجہانی دوست فلپ ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا،5 سال قبل باؤنسر گردن پر لگنے سے جان گنوا بیٹھنے والے کرکٹر سے وارنر کا خاص تعلق تھا،اگر وہ دنیا سے رخصت نہ ہوتے تو ہفتے کو31 ویں سالگرہ ہوتی، اوپنر نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز ٹرپل سنچری مکمل کرنے کے بعد جشن منایا اور پھر آسمان کی جانب دیکھا جیسے اپنے دوست کو خراج پیش کررہے ہوں۔
The post ڈیوڈ وارنر کا نام ریکارڈ بک میں سنہری حروف سے درج appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل