کراچی: آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے انتخاب میں میرٹ کی دھجیاں بکھیردی گئیں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ابھرتے ہوئے کرکٹرز منہ دیکھتے رہ گئے اور قومی انڈر 19 مقابلوں میں شرکت نہ کرنے والے کھلاڑی کوعالمی جونیئرکپ کیلیے اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا۔
جنوبی افریقہ میں 17 جنوری سے 9 فروری تک شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے گذشتہ روز منتخب کیے جانے والے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں اہل کھلاڑیوں کو شامل نہ کیے جانے پرکرکٹ حلقوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے میرٹ کا قتل قراردیا، قومی ون ڈے انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے والی سندھ کی ٹیم کے کپتان محمد طحہ کوحیران کن طور پر شمولیت کے قابل ہی نہیں سمجھا گیا۔
واضح رہے کہ محمد طحہ کو13 وکٹیں اور 155 رنز بنانے پر ون ڈے ایونٹ کا بہترین آل راؤنڈر قراردیا گیا تھا، سہ روزہ ٹورنامنٹ جیتنے والی سندھ ٹیم میں شامل ہونے پر بھی طحہ ایونٹ کا بہترین بیٹسمین قرار پائے تھے، اسی طرح سہ روزہ ٹورنامنٹ کے فاتح کپتان جہاں زیب سلطان کوبھی نظراندازکردیاگیا۔
ٹورنامنٹ کے دوران ایک ہفتے کے خیرسگالی دورے پرجانے والی ٹیم کے ہمراہ چین بھیج دیے جانے والے جہاں زیب سلطان نے 2 میچز میں شرکت سے محرومی کے باوجود 4 مقابلوں میں ایک سنچری اور2 ففٹیزداغی تھیں، قومی سہ روزہ ٹورنامنٹ میں 18 کھلاڑیوں کوٹھکانے لگانے والا فاسٹ بولر محمد مکی بھی سلیکشن کمیٹی کی بے اعتنائی کا شکار ہوگیا۔
چین کا دورہ کرنے والی ٹیم کا حصہ بننے والے انٹرنیشنل جونیئر اسٹارصائم ایوب کوبھی انجری کے نام پرپاکستان جونیئر ٹیم میں شامل کرنے سے گریزکرکے میرٹ کا مذاق بنادیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دورئہ آسٹریلیا میں پاکستان انڈر16کی قیادت کرنے والے صائم ایوب فٹنس ٹیسٹ میں کامیاب ہوچکے تھے لیکن پھر بھی ان کے انتخاب پرغور نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب حیرت انگیز طور پر انڈر19 ایونٹس میں شرکت ہی نہ کرنے والے محمد شہزادکومیگا ایونٹ کیلیے پاکستان ٹیم کا حصہ بنالیا گیا۔
چیف سلیکٹرسلیم جعفر کا کہنا ہے کہ محمد شہزاد کے ٹیلنٹ کونکھارنے کیلیے منتخب کیا گیا ہے،کرکٹ کے حلقوں نے ارباب اختیار سے درخواست کی کہ اہل جونیئرکرکٹرز کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لیا جائے۔
The post انڈر19 ورلڈ کپ؛ ٹیم کے انتخاب میں میرٹ کی دھجیاں اڑادی گئیں appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل