پی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیو کیلیے شعیب نوید فیورٹ

کراچی:  پی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیو کی پوسٹ کیلیے شعیب نوید فیورٹ امیدوار بن گئے تاہم اس حوالے سے پی سی بی حکام جلد حتمی فیصلہ کریں گے۔

گزشتہ برس جب سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے عہدہ چھوڑا تو 2 ماہ بعد ہی نائلہ بھٹی بھی مستعفی ہوگئیں، وہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز کے ساتھ پی ایس ایل کی پروجیکٹ  ڈائریکٹر بھی تھیں، رواں برس  سینئر جی ایم مارکیٹنگ صہیب شیخ نے لیگ کے معاملات سنبھالے مگر اپریل میں وہ بھی عہدے سے الگ ہو گئے تھے۔

تب سے کرکٹ بورڈ میں پی ایس ایل کے معاملات دیکھنے کیلیے کوئی آفیشل موجود نہ تھا،اکتوبر کے اواخر میں پروجیکٹ ایگزیکٹیو کیلیے اشتہار جاری کیا گیا جس کیلیے درخواست دینے کی آخری تاریخ11 نومبر تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس پوسٹ کیلیے کئی امیدوار سامنے آئے مگر شعیب نوید فیورٹ  نظر آتے ہیں، وہ اپریل 2016سے اسلام آباد یونائٹیڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں، اس سے قبل2014 سے2016تک پی ایس ایل کے پروجیکٹ منیجررہے۔

انھوں نے پی سی بی میں منیجر مارکیٹنگ اینڈ سیلز کی حیثیت سے بھی کام کیا، شعیب نوید کرکٹ بورڈکی جانب سے درکار کوالیفکیشن پر تو پورا اترتے ہیں ، البتہ مفادات کے ٹکراؤ کا معاملہ سامنے آ سکتا ہے، ان کی اسلام آباد یونائٹیڈ کے اونر  علی نقوی سے رشتہ داری بھی ہے،تقررپر دیگر فرنچائزز اعتراض کر سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں عہدہ سنبھالنے والے پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید بھی  اکتوبر   2015 سے مارچ 2018 تک اسلام آباد یونائٹیڈ کے  کنٹری ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔ فرنچائز نے حال ہی میں قومی چیف سلیکٹر وہیڈ کوچ مصباح الحق کو کوچنگ کی ذمہ داری سونپی ہے۔

دریں اثنا جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے شعیب نوید سے رابطہ کر کے پوچھا کہ کیا پی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیوکیلیے درخواست دی ہے تو انھوں نے تصدیق یا تردید سے گریز کیا۔

The post پی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیو کیلیے شعیب نوید فیورٹ appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں