کراچی: شعیب ملک 10 ہزار رنزکلب میں شامل ہونے والے پہلے ایشیائی اور پاکستانی کرکٹر بن گئے۔
سینئر پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے قومی ٹی 20 کپ میں خیبر پختونخوا کی جانب سے بلوچستان کیخلاف 74 رنز اسکور کیے، اس طرح ان کے مختصر ترین فارمیٹ میں مجموعی رنز کی تعداد 10027 ہوگئی، وہ ٹی 20 فارمیٹ میں 10 ہزار کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے ایشیائی اور پاکستانی جبکہ دنیا کے تیسرے کرکٹر بن گئے ہیں، ان سے قبل کرس گیل (13296) اور پولارڈ (10370) یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
شعیب ملک نے یہ سنگ میل اپنے 395 ویں میچ میں عبور کیا، اس دوران ان کی اوسط 37 سے زائد جبکہ اسٹرائیک ریٹ 125.47 رہا ہے، شعیب نے 299 چھکے اور 788 چوکے جڑے۔
سرفہرست گیل نے 404 میچز کھیلے، اس دوران انھوں نے 978 چھکے اور 1026 چوکے لگائے، اسی طرح کیرون پولارڈ نے 518 میچز کے دوران 685 چھکے اور 664 چوکے لگائے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں شعیب ملک کے بعد دوسرے پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ کوسوں دور موجود ہیں،ان کے اس فارمیٹ میں مجموعی رنز کی تعداد 6420 ہے، البتہ انھوں نے اب تک 280 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں۔ کامران اکمل بھی 6 ہزار کا سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔
The post ’’اولڈ از گولڈ‘‘ شعیب ملک 10 ہزار رنزکلب میں شامل appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل