لاہور: کورونا وائرس زمبابوین کیمپ تک بھی پہنچ گیا جب کہ پاکستان روانگی سے قبل ریگس چکابووا اور ٹیمی سین ماروما کو ممکنہ اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود ڈراپ کردیا گیا۔
زمبابوین ٹیم کی پاکستان روانگی سے قبل کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے، ’’کرک انفو‘‘ کے مطابق ہرارے میں قائم زمبابوے کرکٹ اکیڈمی ٹریننگ کے دوران ریگس چکابووا اور ٹیمی سین ماروما کی رپورٹس مثبت آگئیں، دونوں ایک ہی کمرے میں مقیم تھے، ان کو ممکنہ 25رکنی اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود ڈراپ کردیا گیا، ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والوں کی اسکریننگ کا عمل مکمل کیا گیا تو 2معاون اسٹاف ارکان بھی وائرس کا شکار پائے گئے، چاروں کو آئسولیشن میں بھیج دیا گیا،باقی کرکٹرز کو الگ ہوٹل میں قائم بائیو ببل میں رکھا گیا۔
پاکستان روانگی سے قبل تمام کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کے دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوئے، سب کی رپورٹس منفی آئیں،اسلام آباد آمد پر بھی مہمان اسکواڈ کے تمام ارکان کلیئر قرار پائے اور اب آرمی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کررہے ہیں۔
دوسری جانب زمبابوین بورڈ نے کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سب ابھی تک آئسولیشن میں ہیں، 2 ٹیسٹ منفی آنے تک انھیں اپنی فیملیز سے الگ رہنا پڑے گا،ہم ان سب کی جلد صحتیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
بورڈ نے کہا کہ ملک میں کسی سطح پر بھی کرکٹ ہو سرگرمیوں کے دوران کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کا خاص طور پر خیال رکھا جائے گا،وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کے شانہ بشانہ چلیں گے۔
The post کورونا وائرس زمبابوین کیمپ تک بھی پہنچ گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل