ناردرن کا فتوحات کی شاہراہ پرمارچ پاسٹ مارچ

کراچی: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن  کا فتوحات کی شاہراہ پر مارچ پاسٹ جاری رہا جب کہ ٹیم نے سندھ کو13 رنز سے زیر کر کے مسلسل چوتھی کامیابی اپنے نام کر لی۔

ناردرن نے سندھ کو 13رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا، ملتان میں 205 رنز کا تعاقب کرنے والی سندھ کی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں شرجیل خان (0) کا نقصان برداشت کرنا پڑا، خرم منظور اور اعظم خان نے 82 رنز کی شراکت سے ٹیم کو سنبھالا،جارحانہ بیٹنگ کرنے والے اعظم  کے 55 رنز پر شاداب کی وکٹ بننے کے بعد احسان علی (4) اور سرفراز احمد (11) جلد وکٹ گنوا بیٹھے۔

خرم نے انور علی کے ساتھ مل کر ٹوٹل کو 177 تک پہنچایا مگر برق رفتار بیٹنگ نہ کر سکے، سیکنڈ لاسٹ اوور کی آخری گیند پر انور 37 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر محمد نواز کا کیچ بن گئے، اگلے اوور میں وائیڈ بال کے بعد محمد نواز کی گیند پر خرم اسٹمپڈ ہوگئے، انھوں نے 64 رنز بنائے مگر اننگز متاثر کن نظر نہ آئی، نئے بیٹسمین دانش عزیز نے چھکا اور چوکا جڑا مگر پھر سنگل لے کر سہیل خان کو اسٹرائیک دے دی جو پانچویں بال پر آؤٹ ہوگئے، اس طرح سندھ نے 7 وکٹ پر 191 رنز بنائے، حارث،نواز اور شاداب نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ذیشان  ملک اور علی عمران نے ناردرن کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا، عمران 27 رنز پر محمد حسنین کی گیند پر احسان علی کا کیچ بنے، حیدرعلی 35 رنز پر میر حمزہ کی وکٹ ثابت ہوئے، کیچ سرفراز احمد نے تھاما، اوپنر ذیشان، سہیل خان کا شکار ثابت ہوئے،بولڈ ہونے سے قبل انھوں نے 52 بالز پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 84 رنز اسکور کیے، کپتان شاداب خان (15) کو بھی سہیل خان نے انور علی کی مدد سے قابو کیا، آصف علی (5) محمد حسنین کی گیند انور علی کو کیچ تھماکر چلتے بنے، عمرامین نے ناٹ آؤٹ 20 اور محمد نواز نے 5 رنز بناکر ٹیم کا ٹوٹل مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 204 تک پہنچایا۔

قبل ازیں مسلسل چوتھی ناکامی کی وجہ سے سدرن پنجاب کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے، گذشتہ روز اسے بلوچستان کے ہاتھوں بھی 16 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا،231 رنزکے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ابتدائی 2 وکٹیں صرف 47 رنز پر گرگئیں، ذیشان اشرف کو 8 رنز پر عمر گل نے اویس ضیا کا کیچ بنوایا، صہیب مقصود کو 20 کے انفرادی اسکور پر عماد بٹ نے میدان بدر کیا، وہ وکٹ کیپر بسم اللہ خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے،کپتان شان مسعود اورخوشدل شاہ نے اسکور کو150 تک پہنچایا،عاکف جاویدکی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ ہونے والے شان نے 42 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کیے۔

مجموعی اسکور جب 188 ہوا تو خوشدل شاہ بھی ہمت ہار گئے، انھوں نے بھی کپتان کے برابر 72 رنز ہی بنائے اور عاکف کا ہی شکار ثابت ہوئے، کیچ امام الحق نے تھاما، ٹیم 6 وکٹ پر 214 رنز ہی اسکور کرسکی، عاکف جاوید نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بلوچستان کی ٹیم کے حارث سہیل نے53 رنز بنائے، امام الحق94 پر رن آؤٹ ہوئے، بلوچستان نے 4 وکٹ پر 230 رنز بنائے۔

The post ناردرن کا فتوحات کی شاہراہ پرمارچ پاسٹ مارچ appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں