کراچی: اسد شفیق پر تنقید اظہر علی کو ایک آنکھ نہ بھائی،قومی ٹی 20 کپ میچ کے دوران ساتھی کمنٹیٹر سے ہی بحث کرنے لگے،ان کے مطابق سینئر بیٹسمین پہلے بھی سندھ کو جتوا چکے، کسی کو عمر کی وجہ سے غیرموزوں نہیں سمجھنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 کپ کے سیمی فائنل میں کمنٹیٹر نے سندھ کی جانب سے نوجوان بیٹسمین سعود شکیل کی جگہ اسد شفیق کو کھلانے پر تنقید کی،کمنٹری باکس میں ساتھ موجود ٹیسٹ کپتان اظہر علی کو یہ بات بالکل بھی پسند نہیں آئی، لائیو میچ کے دوران ہی ٹی 20 کرکٹ میں سینئر اور جونیئر کے حوالے سے دونوں میں بحث چھڑ گئی۔ اظہر علی نے کہاکہ اسد شفیق 2 مرتبہ سندھ کی ٹی 20 کپ میں کامیابی میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں، جس پرساتھی کمنیٹر نے کہا کہ آپ شاید 10 برس پرانی بات کررہے ہیں۔
اس پر اظہرنے جواب دیا کہ ہماری یاداشت کمزور ہے چند سال پہلے کی ہی بات بہت پرانی لگتی ہے، اس بات پر کہ ٹی 20 کرکٹ نوجوانوں کا کھیل ہے، اظہر نے کہا کہ کیا آپ اسد شفیق کو بوڑھا سمجھتے ہیں، وہ انٹرنیشنل سطح پر ٹی 20 کرکٹ کھیل چکے، انھیں کافی تجربہ حاصل ہے، ٹیم میں سینئر کھلاڑی کی موجودگی سے نوجوان پلیئرز کو سیکھنے کا موقع میسر آتا ہے۔ یاد رہے کہ 34 سالہ اسد شفیق نے 6 میچز میں 22.3 کی اوسط سے 134 رنز اسکور کیے، سعود شکیل نے صرف 3میچز کھیلے اور51 رنز بنائے۔
The post اسد شفیق پر تنقید اظہر علی کو ایک آنکھ نہ بھائی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل