لاہور: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں آغاسلمان کا ’’ون مین شو‘‘ سدرن پنجاب کو فتح نہ دلا سکا جب کہ مڈل آرڈر بیٹسمین نے جارحانہ 88رنز بنائے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،سدرن پنجاب نے اننگز کے آغاز سے اختتام تک مسلسل وکٹیں گنوائیں،صرف آغا سلمان نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57گیندوں پر 9چوکوں اور 5چھکوں سمیت 88رنز بنائے، دیگر بیٹسمینوں میں سے کوئی ڈبل فیگر تک بھی رسائی حاصل نہیں کرسکا،ٹیم نے 8وکٹ پر 140کا مجموعہ حاصل کیا،محمد سرور نے صرف 10رنز دے کر 3شکار کیے۔
خیبر پختونخوا نے ہدف 16.2اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے عبور کرلیا،اسراراللہ نے48 گیندوں پر8چوکوں اور 3چھکوں سمیت 71رنز بنائے، مشتاق احمد نے62کی اننگز کھیلی،اس دوران انھوں نے 51گیندوں کا استعمال کیااور7چوکے و2چھکے لگائے۔
دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کیخلاف ٹاس جیت کر 7وکٹ پر 142رنز بنائے،رضا علی ڈار 39 اور محمد سعد 36رنز کے ساتھ نمایاں رہے،اختر شاہ نے 24رنز دے کر 4شکار کیے، ناکام ٹیم 9وکٹ پر 125رنز بنا سکی،ریاض تصور نے 28گیندوں پر 48رنز اسکور کیے،اس میں 5چوکے اور2چھکے شامل تھے،عبدالناصر نے 24رنز بنائے، وقاص مقصود، بلاول مقصود، محمد علی خان اور کامران فضل نے 2،2شکار کیے۔
The post آغا سلمان کا ’’ون مین شو‘‘ سدرن کو فتح نہ دلا سکا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل