لاہور: دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان 11 نومبر کو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کپتان سمیت ممکنہ کھلاڑیوں پر حتمی مشاورت اگلے ہفتے ہوگی۔ پی سی بی حکام کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد بابراعظم ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں جب کہ روحیل نذیر کو پاکستان شاہین کا کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے۔
دونوں ٹیموں کے مجوزہ کھلاڑیوں کی لسٹ کی منظوری سے پہلے ایک بار پھر ٹیم کوچز اور سلیکٹرز مشاورت کریں گے جس کے بعد 35 رکنی اسکواڈ کی منظوری لی جائے گی۔ بابر اعظم کو نیا ٹیسٹ کپتان اناؤنس کرنے سے پہلے اظہر علی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ اظہر علی سے ابھی تک اس موضوع پر کسی نے کوئی بات نہیں کی۔
دورہ انگلینڈ میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے سابق کپتان یونس خان سمیت دوسرے ٹیم انتظامیہ ارکان کی لسٹ کو بھی اگلے ہفتے ہی فائنل کیا جائے گا۔ 35 کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان سینیئر اور شاہین ٹیم کے ساتھ 18 سے 20 رکنی ٹیم مینجمنٹ بھی نیوزی لینڈ کی اڑان بھرے گی۔
The post دورہ نیوزی لینڈ؛ قومی اسکواڈ کا اعلان 11 نومبر کو متوقع appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل