یوں تو دنیا میں ایسے افراد کی کمی نہیں جوکچھ نیا کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ 77 سالہ اسپورٹس آرگنائزرسلیم بٹ بھی ان باہمت لوگوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے55 سال کے طویل عرصہ میں 25 ہزاراسپورٹس کے سونیئرزسے ایسی شاہکار تصاویر بنائی ہیںجو اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے،
شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اورشوق بھی ایسا کہ دیکھنے والاتعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔77 سالہ سلیم بٹ کو ہی دیکھ لیں، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سابق صدراور بینکر سلیم بٹ نے 55 سال کھیلوں کی خدمت کی اورروس، یونان سمیت دنیا کے متعدد ملکوں سے ہزاروں سپورٹس سوینئرزکوپن سے اکٹھا کر کے خوبصورت فریمز میں ڈھال دیا۔
انہوں نے 55 سال کے طویل عرصہ میں 25 ہزاراسپورٹس سوینیئرز کی مدد سے ایسے شاہکار بنائے ہیں کہ لوگ عش عش کربیٹھتے ہیں۔پاکستان کا نقشہ ہو یا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر،پاک فوج کے بہادر فوجی ہوں یا کرکٹ، ہاکی اورفٹبال کے میدان،سائیکلنگ ہو یا باکسرز کے فن پارے، یہ سب فن پارے اسپورٹس کے مختلف سوینیئر سے ہی بنائے گئے ہیں۔
ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں سلیم بٹ کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کو ٹکٹیں جمع کرنے اور کچھ کو سکے جمع کرنے کا شوق ہوتا ہے، میری بھی کوشش تھی کہ ایسا کام کروں جو کوئی نہ کر سکوں،پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا سیکرٹری ہونے کی وجہ سے دنیا کے متعدد ملکوں میں جانے کا اتفاق ہوا،55 برس کے عرصہ کے بعد 25 ہزارسے زائد سپورٹس سوینئرز اکٹھے کرنے میں کامیاب رہا جن سے میں نے سینکٹروں تصاویر بنائی ہیں۔ سلیم بٹ کا کہنا تھا کہ اپنی نوعیت کا منفرد ریکارڈ بنانے کا مقصد نوجوان نسل کو یہ باور بھی کرانا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی چیز ناممکن نہیں، اگر وہ بھی کچھ کرنے کی ٹھان لیں تو مشکل سے مشکل کام کو بھی احسن انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سلیم بٹ پاکستان میں ایشیا کی سب سے بڑی سائیکل ریس ٹور ڈی پاکستان کے بانی بھی ہیں۔
ایشین گیمز 1986ء میں پاکستانی دستے کے سیکرٹری جنرل رہے، ان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ 1993ء میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ ورلڈ کپ ونر کرکٹ ٹیم بالمقابلہ ریسٹ آف پاکستان کرکٹ میچ کے آرگنائزنگ سیکرٹری بھی تھے۔سلیم بٹ کو درجنوں ملکوں میں جانے کے علاوہ یونان اور روس میں شیڈول اولمپک سولیڈیرٹی کورسز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر نے سلیم بٹ کی 25ہزار سپورٹس پنوں کی کولیکشن پر ان کے اس کاوش کو سراہا ہے، اس بات کا اظہار انہوں نے آئی او سی کے پاکستان میں ممبر سید شاہد علی کے نام ایک خط میں کیا ہے۔
The post سلیم بٹ کا 25 ہزاراسپورٹس سوینئرزکی مدد سے سینکڑوں تصاویربنانے کا منفرد ریکارڈ appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل