نیویارک: کورونا وبا کے تناظر میں ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے جس میں ایک ویکسین کو وسیع پیمانے پر آزمایا گیا ہے اور اس کے 90 فیصد نتائج سامنے آئے ہیں۔
مشہور ادویہ ساز کمپنی فائزر اور بایون ٹیک نے مشترکہ طور پر ایک ویکسین کی وسیع پیمانے پر آزمائش کے نتائج ظاہر کیے ہیں اور اس میں 90 فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ یعنی یہ ویکسین 100 میں سے 90 افراد کو وائرس کے حملے سے بچاسکتی ہے۔
اس کے بعد ایک جانب تو ان کمپنیوں کا شہرہ ہوگیا ہے تو دوسری طرف اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کو ہلاک کرنے والے کووڈ 19 مرض کو لگام دینے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ توقع ہے کہ فائزر اور بایوین ٹیک کی یہ ویکسین سال کے اختتام تک دستیاب ہوسکے گی۔
ویکسین کو کئی ممالک کی آبادی پر بڑے پیمانے پر آزمایا گیا ہے اور تجزیہ کاروں کے توقع کے برعکس اس نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے تاہم یہ اولین ابتدائی تجربات ہے اور ویکسین کی آزمائش اب تک جاری ہے جس کا سلسلہ دسمبر تک چلتا رہے گا۔ اس ماہ کے اختتام تک اس کا تمام سیفٹی ڈیٹا ظاہر کردیا جائے گا یہی وجہ ہے کہ کمپنیاں دن رات ویکسین پر کام کررہی ہیں۔
فائزر کمپنی کے صدر دفاتر نیویارک میں ہیں جبکہ بایوین ٹیک ایک چھوٹی کمپنی ہے جسے جرمنی اور یورپی سرمایہ کاری بینک کی مدد حاصل ہے۔ ان دونوں کمپنیوں نے کہا ہے کہ اب تک اس کے حفاظتی پہلوؤں پر خوش اسلوبی سے کام جاری ہے اور کوئی منفی ضمنی اثرات (سائیڈ افیکٹ) سامنے نہیں آئے ہیں۔ دوسری جانب ریگولیٹری اداروں نے کہا ہے کہ اگر یہ ویکسین 50 فیصد افراد کو بھی تحفظ دے سکے تو اس کی منظوری دے دی جائے گی۔
روسی اسپتنک فائیو ویکسین
دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی اسپتنک فائیو ویکسین بھی کورونا کی روک تھام میں 90 فیصد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ روس کی وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق ویکسین کو ہرطرح سے آزمایا گیا ہے اور اسے مؤثر پایا گیا ہے۔
The post 90 فیصد موثر نتائج کی حامل کورونا ویکسین کا کامیاب تجربہ appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت