لاہور: زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد عثمان قادر کو اپنے والد عبدالقادر کی یاد ستانے لگی۔
عثمان قادر کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف عمدہ پرفارمنس دکھانے پر بہت خوش ہوں،میرے پاس ایسے الفاظ نہیں ہیں جس کے ذریعے میں اپنی اس خوشی کا اظہار کر سکوں۔ اس پرمسرت موقع پر مجھے اپنے والد عبدالقادر بہت زیادہ یاد آرہے ہیں، بابا مجھے آپ بہت یاد آ رہے ہیں۔
زمبابوے کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں عثمان قادر نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں، عثمان قادر نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کرکے سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
عثمان قادر حافظ قرآن ہیں اور عبدالقادر کے سب سے چھوٹے صاحبزادے ہیں- ممتاز گگلی ماسٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے گذشتہ برس انتقال کر گئے تھے- عثمان قادر کی زمبابوے کے خلاف پرفارمنس کو کرکٹ شائقین نے بھی خوب سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ عثمان اپنے والد عبدالقادر کی طرح ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کریں گے-
The post عثمان قادر کو اپنے والد عبدالقادر کی یاد ستانے لگی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل