پی ایس ایل فائیو؛ ٹائٹل کے لیے قلندرز اور کنگز آج ٹکرائیں گے

 کراچی: پی ایس ایل فائیو کا فائنل آج شب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پاکستان  کرکٹ کی تاریخ  کا سب سے بڑا مقابلہ 8 بجے شب  شروع ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ 5 کے تاریخی  فائنل میں  روایتی حریف  لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ فائنل کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی پلان مرتب کیا گیا ہے۔

لاہور قلندر کے اہم کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، محمد حفیظ، بین ڈنک، ڈیوڈ ویزے، سمت پٹیل، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ کراچی کنگز کی ٹیم کو عماد وسیم، بابر اعظم، شرجیل خان، ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، رتھر فورڈ، محمد عامر، وقاص مقصود اور افتخار احمد  کا ساتھ حاصل ہو گا۔

ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر بطور انعام  دیا جائے گا جبکہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ روپے ملیں گے۔ اس کے ساتھ  پلئیر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور اسپرٹ آف  دی کرکٹ کے ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جہاں جیت 6 مرتبہ کراچی کنگز کے نام رہی۔

اس دوران تین میچز میں فتح حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے دونوں ٹیموں میں برابر ہونے والا ایک میچ سپر اوور پر بھی جیتا تھا جبکہ اس ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں جہاں لاہور میں لاہور قلندرز اور پھر کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کامیابی حاصل کی تھی۔

 

The post پی ایس ایل فائیو؛ ٹائٹل کے لیے قلندرز اور کنگز آج ٹکرائیں گے appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں