ناقص فیلڈنگ نے ٹیم مینجمنٹ کی نیندیں اڑادیں

 لاہور:  ناقص فیلڈنگ نے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کی نیندیں اڑا دیں جب کہ زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بہتری کے لیے کوششیں تیز ہو گئیں۔

پاکستان کی زمبابوے سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہفتے کو ہوگا۔ اس سے قبل تیاریوں کے لیے دونوں ٹیموں کو 2دن پریکٹس کے لیے میسر ہیں، ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو سخت دباؤ کا شکار کرنے والی مہمان ٹیم فتح کا مشن مکمل نہیں کرپائی تھی لیکن حوصلہ جوان رکھا اور بالآخر تیسرے میچ میں اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوگئی،گرین شرٹس کی فیلڈنگ میں غلطیوں کی وجہ سے بھی حریف بیٹسمینوں کو ایک بڑا ٹوٹل جوڑنے میں مدد ملی۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں وقت کم اور مقابلہ سخت والی بات ہوگی، اس لیے ایک ڈراپ کیچ یا غلط اسٹروک کا خمیازہ شکست کی صورت میں اٹھانا پڑ سکتا ہے،جمعرات کو ٹریننگ کے دوران سب سے زیادہ توجہ فیلڈنگ کی خامیاں دور کرنے پر مرکوز رکھی گئی،فیلڈنگ کوچ عبدالمجید نے طویل سیشن میں کھلاڑیوں کو اونچے کیچز کی پریکٹس کرائی، باؤنڈری کے قریب سے گیند تھرو کرنے اور وکٹوں کو نشانہ بنانے کی مشق بھی کرائی گئی۔

خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی،موسٰی خان، حارث رؤف اور ظفر گوہر کو خاص طور پر متحرک رکھا گیا،وکٹ کیپرز محمد رضوان اور روحیل نذیر نے الگ سیشنز کیے۔

میدان کے وسط میں موجود پریکٹس پچ پر فخرزمان،عبداللہ شفیق، حیدر علی اور افتخاراحمد نے پاور ہٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، بابر اعظم نے پہلے پیسرز بعد میں اسپنرز کا سامنا کرتے ہوئے دلکش اسٹروکس کھیلے، حالیہ سیریز میں پہلا میچ کھیلنے کے منتظر محمد حفیظ نے وسطی پچ پر بیٹنگ کے ساتھ میدان کے ایک طرف لگائے نیٹ میں الگ سیشن بھی کیا۔

شاہین شاہ آفریدی،وہاب ریاض،حارث رؤف، محمد حسنین اور موسٰی خان نے لائن و لینتھ بہتر بنانے پرکام کیا، عماد وسیم، عثمان قادر اور ظفر گوہر نے اسپن کاجادو جگانے کی کوشش میں مختلف تجربات کیے۔

شاداب خان ہلکی پھلکی ٹریننگ کرتے رہے لیکن پریکٹس نہیں کی، بعد ازاں پی سی بی نے تصدیق کردی کہ محدود طرز کی کرکٹ میں نائب کپتان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت نہیں کریںگے۔

میڈیکل ٹیم کے مطابق شاداب کی انجری میں بہتری آرہی ہے تاہم انھیں مزید آرام دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، سیریز کے اگلے دونوں میچز میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا،آل راؤنڈر نے 23 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کے بعد ٹانگ میں کھچاؤ محسوس کیا تھا، بحالی فٹنس کی کوشش جاری رہی لیکن وہ تینوں ون ڈے میچزکے لیے دستیاب نہیں ہوسکے،اب انھیں مزید آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مینجمنٹ دورئہ نیوزی لینڈ سے قبل ان کی فٹنس کے حوالے کوئی خطرہ نہیں مول لینا چاہتی۔

The post ناقص فیلڈنگ نے ٹیم مینجمنٹ کی نیندیں اڑادیں appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں