کورونا کے منحوس سائے قائد اعظم ٹرافی پر بھی اُمڈ آئے

 کراچی /  لاہور:  کورونا کے منحوس سائے قائد اعظم ٹرافی پر بھی امڈ آئے.

گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے، وائرس کی دوسری لہر میں تیزی آنے پر عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی جا رہی ہے، کچھ شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی کردیا گیا، یہ صورتحال ملک میں کرکٹ کیلیے بھی اچھا شگون نہیں۔

قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ سے قبل سندھ کے 9 کھلاڑیوں میں وائرس کی علامات نظر آئیں، خوف کی فضا پھیلی لیکن خوش قسمتی سے سب کی رپورٹس منفی آگئیں تاہم طبیعت ناساز ہونے پر میر حمزہ کو گھر واپس بھیج دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز تصدیق ہوگئی کہ بلوچستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آ گیا، حیرت کی بات ہے کہ سدرن پنجاب سے میچ میں کچھ علامات نظر آنے کے باوجود چوتھے روز تک ان کا ٹیسٹ نہیں کرایا گیا، حالت خراب ہونے اور علامات واضح ہونے کے بعد متاثرہ کرکٹر7گھنٹے تک اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رہے۔

دوسری جانب متبادل کھلاڑی عدنان اکمل کو ان کی جگہ میدان میں اتار دیا گیا، انگلش کاؤنٹی میں اس نوعیت کا واقعہ ہونے پر میچز روک کر تمام کرکٹرز اور رابطے میں رہنے والے افراد کی اسکریننگ کی جاتی رہی ہے، مگر پی سی بی نے میچ جاری رکھنے کو ترجیح دی، اس وقت بسم اللہ خان ہوٹل کے مخصوص کمرے میں قرنطینہ میں ہیں اور ڈاکٹرز مستقل ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین کس ذریعے سے موذی وائرس کا شکار ہوئے۔

بسم اللہ خان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قائد اعظم ٹرافی کے باقی میچز پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا، تمام 6ٹیموں کے کھلاڑی ایک ہی ہوٹل میں رہائش پذیر ہیں لیکن پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شریک تمام 132 کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے۔ وہ جمعے سے شروع ہونے والے میچز میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ کے بعد 11روز کا وقفہ ہوگا، اس دوران پی ایس ایل 5کے باقی میچز بھی 14، 15اور 17نومبر کو کراچی میں ہی شیڈول ہیں۔ اس سے قبل مارچ میں صرف ایک غیر ملکی کرکٹر ایلکس ہیلز میں علامات پائے جانے پر ہی ایونٹ کے باقی میچز ملتوی کردیے گئے تھے۔

پی سی بی کی پریس ریلیز میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہاکہ ڈومیسٹک کرکٹ مشکل حالات میں کھیلی جا رہی ہے،ہم کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے والے ایونٹ میں شریک تمام افراد کے شکر گزار ہیں۔

The post کورونا کے منحوس سائے قائد اعظم ٹرافی پر بھی اُمڈ آئے appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں