اسپیشل آئسولیشن ختم، 2 پلیئرز گروپس میں شامل

 لاہور:  نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل ہوگئی جب کہ ماضی میں وائرس زدہ ہونے کی وجہ سے پازیٹیو آنے والے 2کرکٹرز اسپیشل آئسولیشن چھوڑ کر اپنے گروپس میں شامل ہوگئے۔

کرائسٹ چرچ کے نواح میں موجود پاکستانی اسکواڈ کی پہلی کورونا ٹیسٹنگ میں 6کرکٹرز کی رپورٹس مثبت آگئی تھیں، اگلے مرحلے میں مزید ایک کھلاڑی پازیٹیو نکلا جس کے بعد کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کو اپنے گروپس کیلیے مخصوص اوقات و مقام پر چہل قدمی کی اجازت دے دی گئی۔

گذشتہ روز تیسری ٹیسٹنگ کیلیے بھی تمام کھلاڑیوں کے سیمپلز حاصل کرلیے گئے، پہلے ٹیسٹ کے6میں سے 2کرکٹرز ماضی میں وائرس زدہ ہونے کی وجہ سے پازیٹیو آئے تھے، خون کے سیرولوجی ٹیسٹ میں اس بات کی تصدیق اتوار کو ہوگئی تھی کہ طبی طور پر دونوں ارکان انفیکشن سے کلیئر ہیں، ان کو دوبارہ اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ اتوار کی چھٹی کے سبب موخر کردیا گیا۔

گذشتہ روز دونوں نے اسپیشل آئسولیشن چھوڑ کر اپنے گروپس کیلیے مختص کمروں میں قیام کرلیا،یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں 6 ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے قرنطینہ بھی دوبارہ شیڈول کیے جانے سے کھلاڑیوں کو ٹریننگ شروع کرنے کا موقع نہیں مل سکا، پی سی بی پْرامید ہے کہ پیر کو ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج پر اسکواڈ کو جلدگراؤنڈ میں ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا مقابلہ 18دسمبر کو ہوگا،اس کے بعد 2 ٹیسٹ بھی کھیلے جائیں گے۔

The post اسپیشل آئسولیشن ختم، 2 پلیئرز گروپس میں شامل appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں