ہمبنٹوٹا: لنکا پریمیئر لیگ میں مشکوک سرگرمیاں بڑھنے لگیں جب کہ ایک بال نے آئی سی سی کو چوکنا کردیا۔
لنکا پریمیئر لیگ ہمبنٹوٹا میں جاری ہے، سری لنکا کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن حکام بھی اس پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی مشکوک رابطے کی اطلاع پر ویسے ہی نگرانی سخت کردی گئی تھی، اسی وجہ سے دمبولا وکنگز اور کینڈی ٹسکرز کے درمیان میچ میں ایک مشکوک بال نے اے سی یو حکام کو چوکنا کردیا۔
میچ کے فوری بعد حکام نے دمبولا وکنگز کی نمائندگی کرنے والے مالندا پشپاکمارا سے پوچھ گچھ کی، سری لنکن بورڈ کے ٹاپ آفیشل نے اس حوالے سے استفسار پر کہاکہ صرف سوالات کیے گئے ہیں، پشپاکمارا پر کوئی الزام عائد نہیں ہوا، ہم اس پر مزید بات نہیں کرسکتے کیونکہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ آزادانہ طور پر کام کرتا ہے۔
یاد رہے کہ پشپاکمارا کو اپنے دیگر 9 ہم وطنوں کے ہمراہ ماریشس کرک 10 لیگ میں حصہ لینا تھا تاہم ایل پی ایل کھیلنے کیلیے وہ آخری لمحات پر دستبردار ہوگئے، لیفٹ آرم اسپنر اب تک سری لنکا کی جانب سے 4 ٹیسٹ اور 2 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔
ایل پی ایل میں شاہد خان آفریدی اور آندرے رسل جیسے عالمی ٹی 20 سپر اسٹارز شریک ہیں، ایس ایل سی اپنے اس ایونٹ کو کسی بھی قسم کے تنازع سے محفوظ رکھنے کیلیے کرپشن پر عدم برداشت کی سخت پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
The post لنکا پریمیئر لیگ میں مشکوک سرگرمیاں بڑھنے لگیں appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل