لاہور: ہائی پرفارمنس سینٹر کے تحت کام کرنے والے کوچزکو رخصتی کے پروانے جاری ہونے لگے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے تحت کام کرنے والے بعض کوچز کو فارغ کردیا گیا، پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے تصدیق کی کہ ان میں توصیف احمد، شوکت مرزا اور شیخ محمد فہیم شامل ہیں، تینوں کے کنٹریکٹ 30نومبر کو ختم ہوگئے تھے، توصیف اور شوکت کی عمر 60سال سے زیادہ ہونے کی وجہ سے خدمات مزید حاصل کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ریجنل ویمنز کرکٹ کے ساتھ وابستہ شیخ فہیم کی عمر تو 48سال ہے لیکن کارکردگی کے جائزے میں مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے وہ معاہدے میں توسیع نہیں پا سکے۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 10کوچز کو فارغ کیا گیا ہے،ان میں منظور الہٰی اور ویمنز کرکٹ کیلیے کام کرنے والے 4کوچز بھی شامل ہیں۔پی سی بی میں اس وقت کوچز کی اوسط عمر 46 سال ہے۔
ذرائع کے مطابق جدید کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھنے والے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے کرکٹرز کو زیادہ موقع دینے کے پلان پر عملدرآمد کیا جارہا ہے،60سال سے زائد العمر کوچز بورڈ کے پلان میں شامل نہیں ہیں،آئندہ تقرریاں کرتے ہوئے بھی حال ہی میں ریٹائر ہونے والے سابق کرکٹرز کا تقرر کیا جائے گا۔
The post کوچز کو رخصتی کے پروانے جاری ہونے لگے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل