امریکی کمپنی کی ویکسین کورنا کی نئی قسم کے خلاف بھی 85 فیصد مؤثر

 لندن: امریکا کی بائیوٹیک کمپنی نووا واکس نے اپنی کورونا ویکسین کے ٹرائل کا نتائج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت یہ ویکسین بیماری سے 89.3 فیصد تک تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔

امریکا کی معروف بائیوٹیک کمپنی نووا واکس نے اپنی ویب سائٹ پر جاری پریس ریلیز میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے برطانیہ اور جنوبی افریقا سمیت کئی ممالک میں ہونے والے  ٹرائل کے تمام مراحل بخوبی پورے ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے حاصل ہونے والے نتائج نہایت حوصلہ افزا ہیں۔

نووا واکس کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرائل میں ثابت ہوا کہ یہ ویکسین کورونا کے خلاف 89.3 فیصد مؤثر ہے جب کہ سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ ویکسین برطانیہ میں دریافت ہونے والے کورونا کی نئی قسم کے خلاف بھی 85.6 فیصد مزاحمت رکھتی ہے جب کہ جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی کورنا کی نئی قسم کے خلاف 60 فیصد تک کارگر ثابت ہوئی ہے۔

ویکسین کے برطانیہ میں ہونے والے ٹرائل میں 18 سے 84 سال کے 15 ہزار رضاکاروں نے حصہ لیا۔ پروٹین پر مبنی اس ویکسین کو فریج کے عام درجہ حرارت میں رکھا جا سکتا ہے جب کہ اس کا کورس تین ہفتوں میں 2 ٹیکوں پر مشتمل ہے۔

کمپنی کی جانب سے ٹرائل کے نتائج کو کسی طبی جریدے میں تاحال شائع نہیں کیا گیا ہے تاہم نووا واکس کی جانب سے اب اس ڈیٹا کو ریگولیٹرز کے پاس جمع کرانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے تاکہ جلد از جلد منظوری حاصل کی جاسکے۔

ویکسین کے ٹرائل طبی جریدے میں شائع نہ ہونے اور تاحال کسی ریگولیٹری اتھارٹی سے منظوری نہ ملنے کے باوجود کمپنی کو برطانیہ سے 6 کروڑ خوراکیں، کینیڈا سے 5 کروڑ 20 لاکھ اور آسٹریلیا سے 5 کروڑ 10 لاکھ خوراکوں کا آرڈر مل گیا ہے۔ تاہم یہ آرڈرز ویکسین کی منظوری سے مشروط ہیں۔

 

The post امریکی کمپنی کی ویکسین کورنا کی نئی قسم کے خلاف بھی 85 فیصد مؤثر appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » صحت

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں