ڈاکیے اور راج ہنس کی 37 سالہ انوکھی دوستی

استنبول: یہ کسی دیومالائی کہانی کا پلاٹ نہیں بلکہ ترکی میں رہنے والے ایک بوڑھے ڈاکیے کا سچا واقعہ ہے جس کی ایک راج ہنس (سوان) سے دوستی کو آج 37 سال ہوچکے ہیں اور دونوں ہی ایک دوسرے کے ساتھ خوش ہیں۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ آج سے 37 سال پہلے، ترکی کے مغربی صوبے ایدرنے میں رجب مرزان نامی ایک نوجوان ڈاکیے کو ایک ننھا منا راج ہنس ملا جو زخمی تھا۔

بے اولاد رجب مرزان کی بیوی مرچکی تھی لیکن اس نے دوسری شادی نہیں کی تھی۔ وہ اس راج ہنس کو اٹھا کر لے آیا اور علاج کروانے کے بعد اسے پال لیا۔ راج ہنس کا نام اس نے ’’غریب‘‘ رکھا۔

وہ دن اور آج کا دن، رجب مرزان اس راج ہنس کا بالکل اسی طرح خیال رکھتا ہے جیسے وہ اس کی اپنی سگی اولاد ہو۔

’’غریب‘‘ راج ہنس پچھلے 37 سال سے رجب مرزان کے کھیت پر، اس کے ساتھ ہی رہ رہا ہے۔

دونوں ہی ایک دوسرے سے اس قدر مانوس ہیں کہ اکثر وہ ایک ساتھ ہی نظر آتے ہیں چاہے وہ چہل قدمی کر رہے ہوں یا پھر بازار میں کہیں گھوم پھر رہے ہوں۔

ویسے تو راج ہنس (سوان) عام طور پر صرف 12 سال تک ہی زندہ رہتے ہیں لیکن رجب مرزان نے ’’غریب‘‘ کا اتنا خیال رکھا ہے کہ آج وہ 37 سال کا ہونے کے باوجود صحت مند ہے۔

ویسے تو دوسرے جانوروں کی انسانوں سے دوستی کے قصے مشہور ہیں لیکن رجب مرزان اور ’’غریب‘‘ میں دوستی کی یہ کہانی آج نہ صرف ترکی میں بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہوچکی ہے؛ اور سوشل میڈیا پر اس کے خوب چرچے بھی ہیں۔

The post ڈاکیے اور راج ہنس کی 37 سالہ انوکھی دوستی appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں