قیمہ اور گھیا
اجزا:
ایک پائو قیمہ،
گھیا (لوکی) ایک عدد،
گھی (آدھا پائو)،
پسی ہوئی لال مرچ (حسب ضرورت)،
دھنیا (حسب ضرورت)،
نمک (حسب ضرورت)،
کالی مرچ (حسب ضرورت)،
زیرہ سفید (حسب ضرورت)،
کھٹائی (حسب ضرورت)،
پیاز دو گٹھی،
ہرا دھنیا اور ہری مرچ (حسب ضرورت)،
ترکیب:
پہلے لوکی کا چھلکا اتار لیجیے اور پھر اس کا گودا، جس میں بیج ہوتے ہیں، وہ بھی نکال لیجیے۔ باقی لوکی کے اس طرح ننھے ننھے ٹکڑے کر لیجیے، جیسے اس کا قیمہ تیا رکیا جا رہا ہے۔ گوشت کے قیمے میں تھوڑا سا نمک ملا کر رکھ لیجیے۔ اب گھی میں پیاز کے تھوڑے سے لچھے تیار کر کے قیمے میں ملا دیں اور اس کے اوپر پسا ہوا گرم مسالا ڈال دیں۔
صرف چند منٹ کے لیے پتیلی دَم پر رہنے دیں پھر اتار لیں۔ اب ہری مرچیں اور دھنیا کاٹ کر سالن پر چھڑک دیں۔ کوشش کریں پیاز کے لچھوں کی شکل برقرار رہے۔ ورنہ یہ گھل کر سالن کو میٹھا میٹھا کر دے گی۔ اگر آپ کو قیمہ پیاز کے سالن کا میٹھا میٹھا سا ذائقہ پسند ہو تو پھر پیاز کو بھوننے کے کسی مرحلہ پر پتیلی میں ڈال دیجیے، لیکن اسی کے ساتھ کھٹائی کا پانی بھی تیار رکھیے، تاکہ اگر سالن تیاری کے آخری مرحلے پر چکھنے کے بعد ضرورت سے زیادہ میٹھا معلوم ہو تو اس میں کھٹائی کا تھوڑا سا پانی ڈال کر ذائقہ متوازن کر سکیں۔
مسالے دار بھنی ہوئی کلیجی
اجزا:
کلیجی ایک عدد،
پسی ہوئی لال مرچ اور نمک حسب ذائقہ
پسا ہوا گرم مسالا (دو تولہ)،
سفید زیرہ (ایک تولہ)،
پسا ہوا خشک دھنیا (آدھا پائو)،
لہسن (بارہ جوے )،
پیاز (تین عدد)،
ٹماٹر (چار عدد)،
گھی (حسب ضرورت)
ترکیب:
یہ سالن پانی کے بغیر تیار کیا جاتا ہے۔ صرف کلیجی کے ٹکڑے اور لہسن کے جوے پانی میں ہوں گے۔ اسی طرح اس میں شوربا بھی نہیں رکھنا۔ صرف مسالے میں پانی ملانا ہوتا ہے۔ کلیجی کے ٹکڑے چھوٹے چھوٹے اور پتلے پتلے کاٹ لیں اور انھیں پانی میں مع لہسن ہلکا سا ابال لیں، پھر آدھی پیاز، لال مرچیں، سفید زیرہ، سوکھا ہوا دھنیا، لہسن کے ابلے ہوئے جوے لے کر سل پر پیس کر ان میں تھوڑا سا پانی ملاکر مسالے کو اتنا پتلا کرلیں کہ کلیجی کے ٹکڑوں پر آسانی سے لیپا جا سکے۔
(مسالا ہر ٹکڑے پر اس کے دونوں طرف اچھی طرح سے لیپنا چاہیے۔) اب گھی چوڑے پیندے کی ایک پتیلی میں ڈال کر اسے چولھے پر چڑھائیں اور کڑکڑائیں پھر کلیجی کے مسالے لگے ہوئے پارچے اس میں آہستہ آہستہ رکھ کر انھیں تلیں۔ یہ سالن کوئلوں پر پکایا جاتا ہے اور آنچ ہلکی رکھی جاتی ہے، جب کلیجی کے ٹکڑے خوب اچھی طرح پک جائیں، پتیلی چولھے سے اتار کر باقی پیاز اور ٹماٹر کے گول کاٹے ہوئے ٹکڑوں کے ساتھ تناول فرمائیں۔
The post دیس بدیس کے کھانے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت