پی ایس ایل ریکارڈز کے آئینے میں

پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن کا20 فروری کوکراچی میں شروع ہو رہا ہے،ایونٹ لگاتار دوسرے برس ملکی میدانوں پر سجے گا۔

مجموعی ریکارڈ پر نظر دوڑائی جائے تو اب تک منعقدہ پانچ ایڈیشنز میں سب سے بڑا ٹوٹل238 لاہور قلندرز کیخلاف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2019 میں بنایا تھا، اس فہرست میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے مقابل 5 وکٹ پر 214 رنز بناکر دوسری پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔

سب سے کم ٹوٹل کا منفی ریکارڈ لاہور قلندرز کے نام ہے، پشاور زلمی سے 2017 میں ہونے والے میچ میں ٹیم 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، انفرادی ریکارڈز کو دیکھا جائے توپشاور زلمی کیکامران اکمل اب تک 1537 رنز بناکر کامیاب ترین بیٹسمین بنے ہوئے ہیں۔

بابر اعظم 1516 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انھوں نے اب تک ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی نمائندگی کا اعزاز پایا ہے، وہ اس بار بھی کنگز کی شرٹ زیب تن کررہے ہیں،اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شین واٹسن بھی 1361 رنز بناکر چوتھے نمبر پر ہیں،وہ اب کرکٹ سے ریٹائرہوچکے، شعیب ملک تین مختلف فرنچائز کی نمائندگی کرتے ہوئے اب تک1127رنزبناکرپانچویں نمبرپر ہیں، احمد شہزاد 1077 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کولن انگرام نے 2019 میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف کراچی کنگز کے لیے 127 کی ناقابل شکست اننگز 59 بالز پر کھیلی تھی، اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک کیمرون ڈیلپورٹ نے لاہور قلندرز کیخلاف 60 گیندوں پر 117 رنز ناٹ آؤٹ بناکر بڑی اننگز میں دوسری پوزیشن پائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان نے 2016 میں دبئی کے مقام پر پشاور زلمی کیخلاف 62 بالز پر 117 رنز بنائے تھے، کرس لین نے 2020 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم پر ملتان سلطانز کیخلاف 55 بالز پر ناقابل شکست 113 رنز اسکور کیے تھے، سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز شین واٹسن کو حاصل ہے، انھوں نے 81 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے اوپر سے باہر پہنچایا، کامران اکمل 77جبکہ لیوک رونکی اور آصف علی 50،50 سکسرز کے ساتھ نمایاں ہیں.

ملکی تاریخ کے کامیاب ترین ایونٹ کے بولنگ ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو پشاور زلمی سے وابستہ وہاب ریاض اب تک 76 وکٹیں اڑا کر کامیاب ترین بولر بنے ہوئے ہیں، ان کی بہترین کاوش 17 رنز کے عوض 3 شکار رہی، حسن علی 59 وکٹیں لے کر دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں، عامر اور محمد نواز نے یکساں طور پر 49، 49 وکٹیں اپنے نام کررکھی ہیں، سہیل تنویر نے 48 وکٹیں لے کر اس فہرست میں نام شامل کرایا۔

کسی ایک سیزن میں سب سے زیادہ شکارکا کارنامہ حسن علی نے 2019 میں 25 وکٹیں لے کر انجام دیا تھا، فہیم اشرف نے اسی سیزن میں 21 جبکہ 2018 سیزن میں 18 وکٹیں اپنے نام کی ہیں، وہاب ریاض نے 2018 میں 13 شکار کیے تھے، گذشتہ سیزن کے کامیاب ترین بولر کا اعزاز شاہین شاہ آفریدی نے پایا، انھوں نے 12 میچز میں 17 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔

وکٹ کیپنگ میں کامران اکمل نے گذشتہ سیزن تک مجموعی طور پر 56 میچز میں 44 شکار کیے،اس میں 36 کیچز اور 8 اسٹمپڈ شامل ہیں، سرفراز احمد نے 51 میچزمیں 35 پلیئرز کو میدان بدر کرکے دوسری پوزیشن سنبھالی، نئے سیزن میں ملتان سلطانز کی باگ ڈور سنبھالنے والے محمد رضوان تیسرے نمبر پر براجمان ہیں، انھوں نے اب تک لیگ کے 35 میچز میں مجموعی طور پر 31 شکار کیے جس میں 21 کیچز اور 10 اسٹمپڈ شامل ہیں، لیوک رونکی 22 اور کمار سنگاکارا 20شکار کے ساتھ نمایاں ہیں۔

The post پی ایس ایل ریکارڈز کے آئینے میں appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں