پی ایس ایل کا میلہ سجانے کی تیاریاں

پی ایس ایل6 کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہورہا ہے، چوکوں اور چھکوں کی برسات میں ایکشن سے بھرپور کرکٹ کے اس رنگا رنگ میلے میں دنیا بھر کے معروف کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سفر میں اہم کردار ادا کرنے والی لیگ شروع ہونے کا شدت سے انتظار کیا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ملنے پر کرکٹ کے مداحوں کی خوشی قابل دید ہے، ادھر خالی میدانوں میں داد کو ترسے ہوئے کرکٹرز کا بھی جوش اور ولولہ بڑھا ہوا نظر آتا ہے۔

پی ایس ایل 6 کے پہلے مرحلے میں کراچی میں 7 مارچ تک میچز کھیلے جائیں گے، ان مقابلوں کے شایان شان انعقادکے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، خاص طور پر تماشائیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی کے اعلی معیار کے اقدامات کا اہتمام ہو رہا ہے، دوسری جانب میچز کے موقع پر اسٹیڈیم کی اطراف کی سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی سے متاثر ہونے والے شہریوں کی آسانی کے لیے بھی پلان مرتب کرلیا گیاہے۔

پی سی بی کی درخواست پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایونٹ میں شرکت کے لیے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خصوصی اجازت دی،اب ٹیمیں بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوکر مقابلوں میں کامیابیوں کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہیں،پریکٹس سیشنز اور باہمی مقابلوں میں ایک دوسرے کی خامیوں کو جانچنے اور اپنی کمزوریوں کو پرکھنے کی کوشش کی جائے گی جس کے بعد 20 فروری سے میچز کا آغاز ہو جائے گا۔

پی ایس ایل2021 کے لیے سب سے پہلے دو مرتبہ کی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹیڈ کی ٹیم آئسو لیشن میں گئی، کورونا کے حوالے سے طریقہ کار کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پہلا ٹیسٹ خود کرایا، دوسرے کی رپورٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے سہ روزہ قرنطینہ لازمی قرار پایا،جس کے بعد وہ بائیو سیکور ببل میں داخل ہوئے،ایونٹ کے لیے ٹیموں کی پریکٹس کا سلسلہ پیر سے شروع ہورہا ہے۔

غیر ملکی کرکٹرز اور آفیشلز کی آمد کا آغازدفاعی چیمپئین کراچی کنگز کے وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن کے کراچی پہنچنے سے ہوا،سول ایوی اتھارٹی نے ایس اوپیز کے تحت کیٹگری سی ممالک کے 29 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان آنے کی اجازت دی ہے، بدھ کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی جبکہ معین خان اکیڈمی میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان پریکٹس میچ ہوگا۔

ایونٹ میں ہفتہ سے جمعرات تک ڈے میچز کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا،نائٹ میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے،جمعہ کو ہونے والے ڈبل ہیڈر کا پہلا میچ سہ پہر 3 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔

ہرمیچ کے آغاز سے30 منٹ قبل ٹاس ہوگا، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے ایک بار پھر مضبوط سکواڈ کا انتخاب کیا ہے، دیگر ٹیموں کو بھی کسی طور کمزور قرار نہیں دیا جاسکتا،برتری کی جنگ چھڑنے پر گھمسان کا رن پڑنے کا امکان ہے۔

The post پی ایس ایل کا میلہ سجانے کی تیاریاں appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں