پاکستانی نوجوان افریقا کی سب سے بلند چوٹی سر کرنے کیلیے پرعزم

 کراچی: سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان اسد علی میمن نے 24 گھنٹوں کے اندر افریقا کے سب سے  بلند پہاڑ  ’’کلیمانجارو ‘‘ کو سر کرنے والے پہلے ایشیائی کوہ پیما  بننے کے لیے کمر کس لی۔

یہ دنیا کی سات بڑی چوٹیوں میں سے ایک ہے، دنیا کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے کوشاں ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے اسد علی  میمن پہلے ہی ارجنٹائن میں واقع  جنوبی امریکا کی سب سے اونچی چوٹی ایکونکاگوا کو کامیابی کے ساتھ سر کر چکے ہیں۔

اسد میمن اپنے مقصد کے حصول کے لیے  10 فروری کو  کراچی سے تنزانیہ روانہ ہوں گے، مقامی قانون کے مطابق کورونا کے سبب دو یوم قرنطینہ میں رہنے کے بعد وہ 13 فروری  کو  19 ہزار 340 فٹ بلند پہاڑ  کلیمانجارو پر پاکستان کا پرچم لہرانے کے لیے روانہ ہوں گے۔

اسد میمن کا کہنا ہے کہ متعدد پاکستانی ایک ہفتہ میں اس چوٹی پر چڑھ چکے ہیں لیکن میں ایک دن میں یہ کارنامہ انجام دینا چاہتا ہوں جب کہ سوئزر لینڈ کے کوہ پیما کارل ایگلوف 6  گھنٹے 42 منٹ میں کلیمانجارو پر چڑھنے کا  عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔

اسد میمن کہتے ہیں کہ میری خواہش ایگلوف کے ریکارڈ کو توڑنا ہے لیکن محدود وسائل اور جدید آلات کی  عدم موجودگی کے سبب میں کم از کم 24 گھنٹوں میں چوٹی پر پہنچناچاہتا ہوں، اس مہم کے دوران شام کو  موسم گرم اور رات کو سردی ہوگی جبکہ بارش کا بھی امکان ہے۔

اسد نے چار ماہ کے دوران اپنی صلاحیت بڑھانے اور پھسلنے والی زمین پر چلنے  کی مشق کی ہے، ان کو مارنگو روٹ سے شروعاتی نقطہ سے چوٹی تک 64 کلومیٹر کی دوری پر دوڑنا ہوگا، اس مرحلہ میں درمیان میں 15 کلومیٹر کے جنگل  سے گزرنے میں ڈیڑھ گھنٹہ صرف ہوتا ہے، پیدل سفر میں اسد میمن  کو عام جوتے کے ساتھ پھسلن والی زمین پر بھی دوڑنا ہوگا۔

The post پاکستانی نوجوان افریقا کی سب سے بلند چوٹی سر کرنے کیلیے پرعزم appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں