کراچی کنگز نے خطرناک اوپنرز سے دھماکا خیز کارکردگی کی توقعات وابستہ کرلیں۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ شرجیل خان اگر پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بہترین اوپنر نہیں تو کم ازکم ان میں سے ایک ضرور ہیں،جارح مزاج بیٹسمین نے اپنی صلاحیتیں ثابت بھی کی ہیں،امید ہے کہ وہ پی ایس ایل 6میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے،ہر کوئی جانتا ہے کہ شرجیل ایک خطرناک کرکٹر ہیں،وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی فارم میں نظر آئے، امید ہے کہ میدان میں اْیک ابھرتے ہوئے اسٹار کی مانند نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک فٹنس کی بات ہے تو شرجیل پر جتنا ہوسکے کام کرنے کی کوشش کرینگے اور کرنا بھی چاہیے،یہ ان کے مستقبل کیلیے بھی بہتر ہوگا،دوسرے اوپنر بابر اعظم کی صلاحیتوں کو بھی سب جانتے ہیں،وہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں،میں گذشتہ 5سال سے کہتا چلا آیا ہوں کہ وہ ایک شاندار کرکٹر ہیں،بڑی مثبت بات ہے کہ انھوں نے شاندار پرفارم کرتے ہوئے ہمیں کئی یکطرفہ فتوحات دلائی ہیں۔
عماد وسیم نے کہا کہ ہم نے گذشتہ سال اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا، نئے سیزن میں قطعی طور پر دباؤکا شکار نہیں، اپنے اعزاز کے دفاع کی مہم جوئی کیلیے پْرجوش ہیں۔
کپتان نے کہا کہ میں ٹیم سلیکشن سے مطمئن ہوں،ہمیں تجربہ کار کرکٹرز کا ساتھ میسر ہے،نئے پلیئرز بھی شامل ہوئے ہیں، فی الحال کمبی نیشن میں کوئی کمزوری نظر نہیں آتی، پی ایس ایل کا معیار بہت بلند اور ٹیمیں اچھی ہیں، اس لیے کسی کو بھی فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا،میچ کے دن بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہی سرخرو ہوگی۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میں نے فٹنس پر بہت کام کیا ہے،اپنی خوراک کا بہت زیادہ خیال رکھا،اس ضمن میں مزید کام کرتا رہوں گا۔
کپتانی کے معاملے میں میرے اوربابرکے درمیان کوئی جیلسی نہیں
عماد وسیم نے کہا کہ کراچی کنگز کی کپتانی کے معاملے میں میرے اور بابر اعظم کے درمیان کوئی جیلسی نہیں،پاکستان ٹیم کی قیادت ہو یا فرنچائز ٹیم کی ایک پروفیشنل کے طور پر جو بھی ذمہ داری ملے اسے خوش اسلوبی سے نبھانا ہوتا ہے،کراچی کنگز نے مجھے قیادت کی جو ذمہ داری سونپی ہے میں اس سے انصاف کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔
محمد رضوان نے بہت سے لوگوں کی رائے کو غلط ثابت کردیا
عماد وسیم نے کہاکہ محمد رضوان نے بہت سے لوگوں کی رائے کو غلط ثابت کردیا، کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کی حالیہ کارکردگی پر خوش ہوں، انھوں نے سخت محنت کی جس کا اللہ تعالیٰ صلہ دے رہا ہے،اگر وہ اس ایڈیشن میں بھی ہمارے ساتھ ہوتے تو ان کی عمدہ فارم کا فائدہ حاصل ہوتا اور ٹیم مزید مضبوط نظر آتی،میرے خیال میں وہ موجودہ کرکٹرز میں سے سب سے زیادہ اپنے کھیل میں نکھارلانے میں کامیاب ہوئے ہیں، انھوں نے بہت سے لوگوں کی رائے کو غلط ثابت کیا۔
عماد نے مذاق میں کہا کہ امید ہے کہ رضوان ہمیں چھوڑ کر دیگر ٹیموں کے خلاف عمدہ پرفارم کرتے نظر آئیں گے۔
The post کراچی کنگز کو اوپنرز سے دھماکا خیز کارکردگی کی توقع appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل