کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر تشویشناک ہے، سنگین حالات سے بچنے کے لیے پاکستان میں حفاظتی تدابیر اپنانا ہوں گی جب کہ وائرس سے بھارت کی خطرناک صورتحال میں بڑھتی ہوئی اموات پر بہت افسوس ہے۔
اصغر علی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم میں نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے دانش کنیریا نے کہا کہ کورونا دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اس سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو اپنا کر ان پر عمل کرنا بہت ضروری ہے، اس کو مذاق نہ سمجھا جائے، بہت سارے ممالک میں اس وائرس کی وجہ سے صورتحال خراب ہے، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں فی الحال ایسی سنگین صورتحال کا سامنا درپیش نہیں، تاہم اس سے بچنے کے لیے ایس او پیز پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت حفاظتی اقدامات کے لیے بے جا پابندیاں عائد نہ کرے لیکن عوام کو بھی احتیاط برتنا ہوگی، اگر کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہوا تو ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ صورتحال کا مقابلہ کرسکیں۔
ایک سوال کے جواب میں دانش کنیریا نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی ابتر صورتحال افسوسناک ہے، قیمتی جانیں ضائع ہونے پر بہت دکھ اور تکلیف ہے، میری تمام تر ہمدردیاں لواحقین کے ساتھ ہیں، اپنے پیارے کو کھونے کا دکھ اس کے چاہنے والے ہی جانتے ہیں، میری دعا ہے کہ اس وائرس کا خاتمہ ہو اور دنیا بھر کے لوگ سکون اور اطمینان کا سانس لیں۔
The post بھارت میں کورونا کی خطرناک صورتحال میں اموات پر افسوس ہے، دانش کنیریا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل