لاہور: پی ایس ایل6 میں قومی کرکٹرز رنگ جمانے کیلیے تیار ہیں جب کہ چند غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی نے مقامی اسٹارز سے توقعات بڑھا دیں۔
پی ایس ایل 6 کے ابوظبی منتقل کیے گئے میچز میں چند غیرملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے بعد تمام ٹیموں میں شامل سینئر قومی کرکٹرز کا کردار اب اور بھی زیادہ اہم ہوگیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہاکہ میں کراچی میں میچز سے لطف اندوز ہوا، بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے کوشاں رہا، ابوظبی میں گرمی اورنمی کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں فٹنس کا کردار کلیدی ہوگا، ہم عمدہ پرفارم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
فخر زمان نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ میں لاہور قلندرز اور پاکستان کی نمائندگی کے دوران عمدہ کارکردگی کی بدولت اعتماد میں اضافہ ہوا، کراچی میں ہماری ٹیم کی کارکردگی قدرے بہتر رہی اورہم یہ تسلسل ابوظبی میں برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے،انھوں نے کہا کہ مجھے یواے ای کی پچز پر کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے، بیٹنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔
محمد نواز کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کراچی میں میچز کا مرحلہ مشکل رہا، آخری مقابلے میں کامیابی سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ابوظبی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پْرامید ہوں۔
شرجیل خان کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو پہلے نمبر پر برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش جاری رکھوں گا، اننگز کے آغاز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرکے ٹیم کو نفسیاتی برتری دلانے کی کوشش ہوگی۔
پشاور زلمی کے شعیب ملک نے کہاکہ ایک تجربہ کار کھلاڑی کی حیثیت سے مشکل کنڈیشنز میں اپنی بیٹنگ لائن کو سہارا دینا میری ذمہ داری ہوگی۔
ملتان سلطانز کے صہیب مقصود نے کہاکہ کراچی میں بھرپور محنت کے ساتھ ہر میچ میں اچھا مقابلہ کیا، فتح کے ٹریک پر واپس آنے کی کوشش کریں گے۔
The post پی ایس ایل 6؛ قومی کرکٹرز رنگ جمانے کے لیے تیار appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل