لاہور: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں چھٹا ریزرو دن رکھنے کا امکان ہے جب کہ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے حتمی فیصلہ یکم جون کو آئی سی سی اجلاس میں ہوگا۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں 30گھنٹے کا پلیئنگ ٹائم ضروری قرار دیا گیا تھا،کسی وجہ سے ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کیلیے چھٹا ریزرو دن بھی رکھا جائے گا، بعد ازاں یہ تفصیل ہٹا دی گئی،اس وقت سے مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں کہ اگر میچ نتیجہ خیز نہ ہوا تو کس ٹیم کو چیمپئن شپ کی فاتح قرار دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فیصلہ کن مقابلے کی پلیئنگ کنڈیشنز کے حوالے سے یکم جون سے ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں غور ہوگا۔
قوی امکان ہے کہ 18جون سے شروع ہونے والے بھارت اور نیوزی لینڈ کے اس میچ کیلیے ایک ریزرو دن مختص ہوگا،تاریخ میں پہلی بار ہونے والی چیمپئن شپ کا فائنل ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دینے سے اچھا تاثر نہیں جائے گا،اس لیے میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلیے پوری کوشش کی جائے گی، موسم کی مداخلت یا سلو اوور ریٹ سمیت مختلف مسائل کے باوجود 450اوورز مکمل کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے باوجود آئندہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پلان پر نظر ثانی بھی کیے جانے کا امکان ہے، کریگ بارکلے نے آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ہی نومبر میں کہہ دیا تھا کہ اس ایونٹ سے وہ مقاصد حاصل نہیں کیے جاسکے جس کی توقع ہو رہی تھی۔
The post ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ؛ فائنل میں چھٹا ریزرو دن رکھنے کاامکان appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل