گراؤنڈز کی اچانک مانگ سے یواے ای پریشان

 دبئی:  گراؤنڈز کی اچانک مانگ نے متحدہ عرب امارات کو پریشان کردیا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان، بھارت اور آئی سی سی سب کی نگاہیں صحرائی وینیوز پر مرکوز ہوگئیں، ستمبر اکتوبر میں گرین شرٹس نے وہاں افغانستان اور نیوزی لینڈ سے محدود اوورز کی سیریز کھیلنی یے، بھارتی بورڈ اسی عرصے میں وہاں پر آئی پی ایل فیز 2 منعقد کرنے کا فیصلہ کرچکا، اگر ٹی 20 ورلڈ کہ یہاں منتقل ہوا تو آئی سی سی تمام وینیوز کا کنٹرول یکم اکتوبر سے خود سنبھال لے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے دونوں ممالک اپنی کرکٹ سرگرمیوں کیلیے یو اے ای کا رخ کررہے ہیں، پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے باقی میچز جون میں ابوظبی میں کھیلے جائیں گے، جس کیلیے کھلاڑیوں و دیگر اسٹاف وہاں پر ڈیرے ڈال رہے ہیں، پی ایس ایل کی وجہ سے گراؤنڈ کم سے کم 20 دنوں کیلیے مصروف رہے گا۔

یو اے ای کے کرکٹ حکام کو اصل پریشانی ستمبر اور اکتوبر کے حوالے سے ہے جب یہاں پر نہ صرف پاکستان آنٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گا بلکہ بھارتی بورڈ آئی پی ایل کے 14 ویں ایڈیشن کا فیز 2 یہاں منعقد کرنے کا فیصلہ کرچکا ہے جبکہ بھارت میں صورتحال اگر بہتر نہیں ہوتی تو آئی سی سی بھی اپنا ٹی 20 ورلڈ کپ یہاں منتقل کرسکتا جوکہ اکتوبر کے وسط میں شیڈول ہے، افغانستان نے پاکستان سے اپنی 3 ون ڈے میچز کی ہوم سیریز ستمبر کے آغاز میں یواے ای میں کھیلنی ہے۔

اس کے بعد گرین شرٹس نے 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کی سیریز کیلیے ستمبر اکتوبر میں نیوزی لینڈ کی میزبانی کرنا ہے، بھارت 17 ستمبر سے اکتوبر کے وسط تک یو اے ای میں ہی آئی پی ایل کے باقی 31 میچز کھیلنا چاہتا ہے، سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی اپنے کسی بھی ایونٹ کے آغاز سے 15 روز قبل میزبان ملک کے وینیوز کا کنٹرول خود سنبھال لیتا ہے۔

امارات کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ اگر ٹی 20 ورلڈ کپ یواے ای منتقل ہوا تو آئی سی سی یکم اکتوبر سے یہاں کے وینیوز کا کنٹرول سنبھال لے گا، اس صورتحال نے امارات بورڈ کے حکام کو پریشان کردیا ہے، ان کیلیے ان سب ایونٹ کو ایک ہی وقت میں جگہ دینا ناممکن ہے۔

The post گراؤنڈز کی اچانک مانگ سے یواے ای پریشان appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں