پاکستان کا پہلا وائرل میم 83 لاکھ روپے میں نیلام

گوجرانوالہ: پاکستان کے پہلے وائرل میم کا این ایف ٹی گزشتہ روز 20 ایتھریئم میں نیلام ہوگیا۔ یہ مالیت 51 ہزار 244 امریکی ڈالر یعنی 83 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے جتنی بنتی ہے۔

ایڈوبی فوٹوشاپ پر بنایا گیا یہ میم 13 ستمبر 2015 کے روز گوجرانوالہ کے محمد آصف رضا نے فیس بک پر پوسٹ کیا تھا جس میں تین تصویروں کے علاوہ ایک انگریزی عبارت بھی دیکھی جاسکتی ہے:

Friendship ended with MUDASIR
Now
Salman
is my
best friend

(مدثر کے ساتھ دوستی ختم، اب سلمان میرا بہترین دوست ہے)

960 پکسل چوڑائی اور 720 پکسل لمبائی والی اس تصویر میں دو لڑکے آپس میں ہاتھ ملا رہے ہیں جبکہ نچلے حصے میں تیسرے لڑکے کی دو تصویریں ہیں جنہیں سبز لکیروں سے کاٹ دیا گیا ہے۔

این ایف ٹی نیلام کرنے والی ویب سائٹ ’’فاؤنڈیشن ڈاٹ ایپ‘‘ کے مطابق، پرانی دوستی کے خاتمے اور نئی دوستی کی ابتداء کو سادہ انداز میں بیان کرتا ہوا یہ میم اس قدر مقبول ہوا کہ فیس بُک پر اسے 47 ہزار لائکس ملے، اس پر 27 ہزار تبصرے کیے گئے جبکہ یہ 56 ہزار مرتبہ شیئر کیا گیا۔

پاکستان کے پہلے سب سے زیادہ وائرل ہونے والے اس میم کی شہرت ساری دنیا میں پھیل گئی۔ اس کی طرز پر عالمی سیاست سے لے کر شوبز اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جاری چپقلش تک، درجنوں مزید میمز بنائے گئے۔

اس این ایف ٹی کا خریدار ’’فورموسا‘‘ (@formosa) نامی صارف ہے جس نے اس میم کے خالق کو لکھ پتی بنا دیا ہے۔

The post پاکستان کا پہلا وائرل میم 83 لاکھ روپے میں نیلام appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں