9 پاکستانی پلیئرز کا محدود تفریحی دورہ ٹوکیوختم

 کراچی: 9پاکستانی پلیئرزکا محدود تفریحی دورہ ٹوکیوختم ہو گیا۔

کوویڈ ایمرجنسی کے باعث ولیج میں ہی رہنے والے ایتھلیٹس نے انتہائی مایوس کن کارکردگی دکھائی ہے، گذشتہ روز شوٹر جی ایم بشیر اور اسپرنٹر نجمہ پروین بھی ناکامی کا شکار ہو گئے، بشیر دوسرے روز اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار نہ رکھ سکے اور 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کے ٹاپ 6 میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔

ایونٹ کے ابتدائی دن 293 اسکور کرنے کے بعد جی ایم بشیر نے دوسرے دن 286 اسکور کیا، انھوں نے پہلی سیریز میں اچھا آغاز کیا لیکن بقیہ 2 میں کارکردگی کا سلسلہ برقرار نہ رکھ سکے۔ انھوں نے 2 مراحل میں مجموعی طور پر 579 پوائنٹس حاصل کیے، وہ 10ویں نمبر پر آئے جبکہ میڈل مقابلے کے لیے انھیں ابتدائی 6 پوزیشنز میں سے ایک حاصل کرنا تھی۔

پاکستانی شوٹر خلیل اختر نے اس کیٹیگری میں 572 پوائنٹس لیے۔ اس سے قبل خواتین کی 200 میٹر دوڑ میں نجمہ پروین ہیٹس میں سب سے آخری ساتویں نمبر پر رہیں، انھوں نے 200 میٹر کا فاصلہ 28 اعشاریہ 12سیکنڈز میں طے کیا اور ذاتی بہترین ٹائم 23.69 سیکنڈ کو بھی بہتر بنانے میں ناکام رہیں، البتہ نجمہ 2 اولمپکس میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ایتھلیٹ کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

ٹوکیو اولمپکس میں شریک 10 میں سے 9 پاکستانی ایتھلیٹس مایوس کن پرفارمنس کے بعد باہر ہو چکے ہیں، گیمز میں پاکستان کے میڈل جیتنے کی آخری امید ایتھلیٹ ارشد ندیم بدھ کوجویلین تھرو میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے،کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کو شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، دوسری جانب اسپورٹس حکام ایک دوسرے پر ملبہ گرا کر خود کو بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

The post 9 پاکستانی پلیئرز کا محدود تفریحی دورہ ٹوکیوختم appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں