ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس کے نویں دن بھی چین 24 طلائی تمغے لیکر سرفہرست ہے، امریکا 20 گولڈ اور جاپان 17 سونے کے میڈلز لیکر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے، آسٹریلیا 14 گولڈ لیکر چوتھے نمبر پر پہنچ گیا۔
لیمونٹ مارسیل جیکبز کو پر لگ گئے, دنیا کے تیز ترین مرد ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کرلیا, 100 میٹ ریس میں چیمپئن بننے والے پہلے اطالوی ایتھلیٹ کا اعزاز پایا، جیکبز دنیا کے تیزترین مرد ایتھلیٹ قرار پائے، انھوں نے 9.80 سیکنڈز میں مقررہ فاصلہ طے کرتے ہوئے نیشنل ریکارڈ بھی قائم کیا، امریکا کے فریڈ کیریلی نے 9.84 سیکنڈز کی پرفارمنس دیکر سلور میڈل پر اکتفا کیا جبکہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے آندرے ڈی گریسی نے برانز میڈل اپنے نام کیا، ان کا ٹائم 9.89 رہا.2004 ایتھنز گیمز کے بعد مینز 100 میٹر میں نیا اولمپک چیمپئن سامنے آیا۔
اس سے قبل جمیکا کے یوسین بولٹ کا راج تھا لیکن وہ ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، ایتھلیٹکس مینز ہائی جمپ میں قطر کے متاز بریشم نے گولڈ، گیان میرکو تیمباری نے سلور اور بیلاروس کے میکسم نیڈاسکو نے برانز میڈل پایا۔ ایتھلیٹکس ویمنز ٹرپل جمپ میں وینزویلا کے یولیمار روجاس نے پہلی، پرتگال کی پیٹریشا میمونا نے دوسری جبکہ اسپین کی اینا پیلیٹیرو نے تیسری پوزیشن پر حق جتایا۔ ویمنز 100 میٹر ہرڈلز ریس میں جیسمین کیماچو کوائن نے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کردیا۔
انھوں نے سیمی فائنل میں 12.26 کی پرفارمنس پیش کرڈالی، اس طرح انھوں نے سیلی پیئرسن کا سابقہ ریکارڈ توڑدیا، جو انھوں نے 12.35 کی پرفارمنس پیش کرکے بنایا تھا۔ ایتھلیٹکس ویمنز شاٹ پٹ میں چین کے لی جیاؤ گونگ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ امریکا کی ریوین سوئینڈرز نے سلور جبکہ نیوزی لینڈ کی ایڈمز ویلیری نے برانز میڈل پایا۔ ٹینس ویمنز ڈبلز میں جمہوریہ چیک کی باربورا کرائیجیکووا اور کیٹرینا سیناکووا نے گولڈ میڈل جیت لیا، فائنل میں ناکام رہنے والی سوئس جوڑی بیلینڈا بینسک اور گولیبک نے سلور میڈل پر اکتفا کیا۔
برازیل کی پیگوسی اور اسٹیفانی نے برانز میڈل پایا۔ ٹینس مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں آل رشین فائنل میں اناستاسیا پاولیچنکووا اور آندرے روبیلوف نے کامیابی سمیٹ کر سونے کا تمغہ پایا، ان کے ہموطن الینا ویسنینا اور کراٹیسوف نے سلور میڈل پر اکتفا کیا، گذشتہ دنوں جوکووچ کے انجری پر دستبردار ہوجانے پر آسٹریلوی جوڑی ایشلیگ بارٹی اور پیئرز نے برانز میڈل یقینی کرلیا تھا، بیڈمنٹن ویمنز سنگلز میں چین کی یو فائی نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، چائنیز تائپے کی تیزو یانگ نے سلور میڈل پایا.چینی کھلاڑی نے فائنل میں چائنیز تائپے کی تائی تیزو یانگ کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست سے دوچار کیا۔
بیڈمنٹن میں چین کے چین لونگ اعزاز کے دفاع سے ایک قدم دوری پر پہنچ گئے، فائنل میں ان کا سامنا وکٹر ایکسلسین سے ہوگا، چین لونگ نے سیمی فائن میں انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے انتھونی سینسوکا کیخلاف کامیابی سمیٹی، 32 سالہ چینی اسٹار میچ کے آغاز سے ہی حریف پر حاوی رہے، وہ 2020 میں آل انگلینڈ اوپن کے بعد پہلی بار کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شریک ہوئے ہیں۔
ویٹ لفٹنگ ویمنز 76 کے جی میں ایکواڈور کی نائیسی ڈیجومز نے طلائی تمغہ جیتا، امریکا کی کیتھرین نائے نے چاندی جبکہ میکسیکو سے تعلق رکھنے والی اریمی فیونٹس نے کانسی کا میڈل گلے کی زینت بنایا۔ آرٹسٹک جمناسٹکس ویمنز ان ایون بارز میں بیلجیئم کی نینا ڈیروائل نے مہارت سے سب کو حیران کردیا، وہ گولڈ میڈل کی حقدار بنیں، انھوں نے 15.200 اسکور کے ساتھ سب پر سبقت پائی، روس کی اناستاسیا ایلیانکووا نے سلور میڈل پایا، ان کا اسکور 14.833 رہا، امریکا کی سونیسا لی نے برانز میڈل اپنے قبضے میں کرلیا، ان کا اسکور 14.500 رہا۔
آرٹسٹک جمناسٹکس مینز پومیل ہارس میں میکس ویٹلاک نے گولڈ، لی چی کائی نے سلور اور کوزوما کایا نے برانز میڈل پایا.آرٹسٹک جمناسٹکس ویمنز والٹ میں برازیل کی ریبیکا آندرید نے سونے کا تمغہ پایا، امریکا کی میکیلا اسکنر نے چاندی جبکہ جنوبی کوریا کی سیوجونگ یاؤ نے کانسی کا تمغہ پایا۔ مینز فلور ایکسرسائز ایونٹ میں اسرائیل کے آرٹیم ڈولگوپیاٹ نے پہلی، اسپین کی ریڈیرلی زیپاٹا نے دوسری جبکہ چین کے روٹینگ ڑیاؤ نے تیسری پوزیشن پر اختتام کیا۔
بی ایم ایکس فری اسٹائل . ویمنز پارک ایونٹ میں برطانیہ کی شارلوٹ ورتھنگٹن نے گولڈ میڈل پر حق جتایا، امریکا کی ہینا روبرٹس نے چاندی جبکہ سوئٹزرلینڈ کی نکیٹا ڈوکیرازو نے کانسی کا میڈل اپنے نام کیا۔ فینسنگ ( شمشیر زنی ) مینز ٹیم فوائل میں فرانس نے پہلی پوزیشن پائی، روسی اولمپک کمیٹی نے دوسری جبکہ امریکا نے تیسرے نمبر پر قدم رکھا۔ گالف مینز انفرادی اسٹروک پلے ایونٹ میں امریکا کے زینڈر شوفیل نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، سلواکیہ کے رورے سباٹینی نے سلور میڈل حاصل کیا۔
سوئمنگ مینز 4 ضرب 100 میڈلے ریلے میں امریکا نے گولڈ، برطانیہ نے سلور اور اٹلی نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔ سوئمنگ ویمنز 4 ضرب 100 میٹر میڈلے ریلے میں آسٹریلیا نے سونے، امریکا نے چاندی اور کینیڈا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
The post مارسیل جیکبز کو پر لگ گئے، تیز ترین مرد ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل