چیف سلیکٹر کا ’’یوٹرن‘‘ مڈل آرڈر میں ناکام تجربات کو دہرانے کا فیصلہ

 لاہور: چیف سلیکٹر نے یوٹرن لیتے ہوئے مڈل آرڈر میں ناکام تجربات کو دہرانے کا فیصلہ کرلیا۔

قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز کیلیے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، مڈل آرڈر بیٹسمینوں افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی واپسی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ افتخارنے 7ون ڈے میچز میں 114رنز بنائے ہیں، ان کا سب سے بڑا اسکور 32ناٹ آؤٹ رہا، انھوں نے 6وکٹیں بھی حاصل کیں، افتخار نے آخری ون ڈے دسمبر 2019میں آسٹریلیا کیخلاف کھیلا تھا، رواں سال فروری میں جنوبی افریقہ سے ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد انھیں قومی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا،انھوں نے 13ٹی ٹوئنٹی میچز میں 212 رنز بنائے ہیں۔

دوسری جانب خوشدل شاہ نے ایک ہی ون ڈے انٹرنیشنل نومبر 2019میں آسٹریلیا کیخلاف کھیلتے ہوئے 33رنز اسکور کیے تھے، انھوں نے بھی آخری بار ملک کی نمائندگی رواں سال جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کی تھی، خوشدل نے 9ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 130رنز اسکور کیے ہیں۔

ناکام تجربات کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم نے یوٹرن لیتے ہوئے ان دونوں کو دوبارہ آزمانے کا فیصلہ کرلیا، کافی عرصے سے ٹیم کے ساتھ سفر کرتے ہوئے نہ ہونے کے برابر مواقع پانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کو رخصتی کا پروانہ جاری کردیا گیا، دورہ انگلینڈ میں انجری کی وجہ سے کوئی میچ کھیلے بغیر سیریز سے باہر ہونے والے حارث سہیل کو بھی منتخب نہیں کیا گیا۔

انگلینڈ میں کوئی میچ نہ کھیل پانے والے سلمان علی آغا کی بھی چھٹی ہو گئی،ابتدائی طور پر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں منتخب ہونے کے بعد حارث سہیل کی انجری کے سبب ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کیے جانے والے صہیب مقصود کو بھی ڈراپ کردیا گیا،نوجوان فاسٹ بولرز شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر، اسپنر زاہد محمود اور وکٹ کیپر محمد حارث کو پہلی بار پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا، بیشتر ٹورز میں سیر کرنے والے عبداللہ شفیق کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

ون ڈے اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان(نائب کپتان)، امام الحق، فخر زمان،عبداللہ شفیق،سعود شکیل،افتخار احمد، خوشدل شاہ،محمد رضوان، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی،حسن علی،حارث رؤف، محمد حسنین، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ سری لنکا میں افغانستان اور پھر نیوزی لینڈ سے ہوم ون ڈے سیریز میں بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی سمیت چند سینئرز آرام کریں گے۔

افغانستان سے میچز تو ملتوی ہوگئے لیکن کمزور کیویز سے پوری قوت سے ٹکرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سمیت کئی اہم کرکٹرز آئی پی ایل میں شرکت کی وجہ سے گرین شرٹس کیخلاف ایکشن میں نہیں ہوں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ون ڈے پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلی جائے گی،آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل یہ میچز17، 19 اور 21 ستمبر کو شیڈول ہیں۔

The post چیف سلیکٹر کا ’’یوٹرن‘‘ مڈل آرڈر میں ناکام تجربات کو دہرانے کا فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں