کراچی: قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے پیڈیاٹرک کارڈیک الیکٹرو فزیالوجی (بچوں میں دل کی دھڑکن کی بیماریوں) سے متعلق پاکستان کے پہلے پروگرام کا آغاز کرکے ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔
ترجمان این آئی وی ڈی کے مطابق، سکھر میں رہائش پذیر 8 سالہ بچہ دل دھڑکن کی بیماری میں مبتلا تھا جس کا دل 200 دھڑکن فی منٹ کی رفتار سے دھڑکنے لگتا تھا۔
اس بچے کا این آئی سی وی ڈی کراچی میں الیکٹروفزیالوجی اسٹڈی اینڈ ابلیشن پروسیجر بالکل مفت کیا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں یہ پروسیجر کسی چھوٹے بچے پر کیا گیا۔ یہ ایک بڑی کامیابی ہے جو ڈاکٹر محمد محسن کی نگرانی میں حاصل کی گئی۔
ڈاکٹر محمد محسن نے کینیڈا کی البرٹا یونیورسٹی سے پیڈیاٹرک الیکٹروفزیالوجی میں 2 سالہ تربیت کے بعد این آئی سی وی ڈی میں شمولیت اختیار کی اور آج وہ این آئی سی وی ڈی میں اسسٹنٹ پروفیسر، پیڈیاٹرک کارڈیک الیکٹروفزیالوجی کے طور پر کام کررہے ہیں۔
اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پروسیجر بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے انجام دیا گیا۔ دل کے مسائل جن میں دل بہت تیز یا بہت سست ہو جاتا ہے، بچوں میں یہ غیرمعمولی نہیں۔ ماہر ڈاکٹر ان بچوں کا علاج ایک مخصوص طریقہ کار کے ذریعے کرسکتے ہیں جسے الیکٹروفزیالوجی اسٹڈی اینڈ ابلیشن کہا جاتا ہے۔ اس سے قبل پاکستان میں پیڈیاٹرک الیکٹروفزیالوجسٹ نہیں تھے جس کے باعث اب تک ان بچوں کا مناسب علاج نہیں ہوسکا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان پیچیدہ پروسیجرز کےلیے کارڈیالوجسٹ، پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ، ٹیکنالوجسٹ، اینستھزیالوجسٹ اور الیکٹروفزیالوجی فزیشن کی ضرورت پیش آئی ہے جو این آئی سی وی ڈی میں موجود ہیں۔
پروفیسر اعظم شفقت (ہیڈ آف الیکٹروفزیالوجی، این آئی سی وی ڈی) کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی ملک میں دل کی دھڑکن کی بیماریوں کے علاج لیے صفِ اول کے اداروں میں سے ایک ہے لیکن پہلے صرف بالغ افراد میں دل کی دھڑکن کی بیماریوں کا علاج کیا جاتا تھا، مگر اب بچوں میں دل کی دھڑکن کی بیماریوں کے علاج کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
این آئی سی وی ڈی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر ندیم قمر (ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، این آئی سی وی ڈی) کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی نے ملک میں پہلا پیڈیاٹرک کارڈیک الیکٹروفزیالوجی پروگرام شروع کرکے ایک اور سنگِ میل عبور کیا ہے، یہ ادارے کی بڑی کامیابی ہے۔
اس طرح این آئی سی وی ڈی دنیا میں امراضِ قلب کا علاج کرنے والے بہترین اسپتالوں میں شامل ہوچکا ہے۔
The post پاکستان میں پہلی بار بچوں کی بے ترتیب دھڑکنوں کا علاج appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت