ایشیا کپ؛ بلند حوصلہ افغان ٹیم بنگال ٹائیگرز کا دل دہلانے لگی

کراچی: ایشیا کپ میں افغانستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا جب کہ بلند حوصلہ افغان ٹیم بنگال ٹائیگرز کا دل دہلانے لگی۔

ایشیا کپ میں افغانستان نے اپنی مہم کا آغاز سری لنکا کو شکست دے کر کیا، یہ اس کی باقی بچنے والی 59 بالز کے لحاظ سے بڑی فتح تھی، اب اس کا سامنا بنگلادیش سے ہونے والا ہے جس کو حال ہی میں زمبابوے میں ٹی 20 اور ون ڈے دونوں سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آئی لینڈرز کے خلاف فضل حق فاروقی اور نوین الحق نے نئی گیند کا بہترین استعمال کیا، سری لنکن بیٹنگ لائن افغان اٹیک کے سامنے نہیں ٹھہر سکی تھی اور اب ایک بار پھر فضل حق اور نوین کو بنگال ٹائیگرز کیلیے بھی بڑا خطرہ دیا جارہا ہے، فاتح الیون میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے، بنگلادیش کے خلاف کامیابی افغانستان کی ناک آؤٹ راؤنڈ میں رسائی کا سفر آسان بناسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ 2022 میں افغانستان کا فاتحانہ آغاز

دوسری جانب بنگلادیش کو بدستور اپنے کمبی نیشن کی فکر ہے، ٹیم کا انحصار اپنے سینئر کھلاڑیوں شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم پر ہوگا، ان دونوں کے ساتھ الیون میں توازن کیلیے محمد سیف الدین کو بھی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ میزبان شارجہ کے کرکٹ گراؤنڈ کی باؤنڈریز چھوٹی ہونے کے باوجود یہاں پر گذشتہ 12 ماہ کے دوران ٹی 20 انٹرنیشنل میں پہلے بیٹنگ کرنے والی سائیڈز کی ایوریج 143 رہی ہے، موسم گرم رہے گا۔

مزید پڑھیں: بھارت نے ایشیا کپ میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

اس مقابلے کے ساتھ ہی شکیب الحسن ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والے بنگلادیش کے تیسرے کرکٹر بن جائیں گے۔ ان سے قبل محمود اللہ اور مشفیق الرحیم یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں، شارجہ میں گذشتہ 12 ماہ کے دوران اسپنرز کی ایوریج اور اکانومی و اسٹرائیک ریٹ فاسٹ بولرز سے بہتر رہا ہے، اب تک کے باہمی ٹی 20 میچز میں افغانستان کا 3-5 سے بنگلادیش پر پلڑا بھاری ہے، دونوں کے درمیان مختصر فارمیٹ کی آخری باہمی سیریز 1-1 سے برابر رہی ہے۔

The post ایشیا کپ؛ بلند حوصلہ افغان ٹیم بنگال ٹائیگرز کا دل دہلانے لگی appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں