لاہور: قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد حریرہ نے کین ولیمسن کو اپنا آئیڈیل قرار دیدیا۔
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے نوجوان بیٹر محمد حریرہ نے بتایا کہ تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی اولین ہدف ہے جبکہ کیوی کپتان کین ولیمسن میرے آئیڈیل ہیں۔
محمد حریرہ نے نادرن کی طرف سے کھیلتےہوئے قائد اعظم ٹرافی کے 11 میچز میں 73.14 کے اوسط اور 66.45 کے اسٹرائیک سے ایک ہزار 24 رنز بنائے جس میں ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے جبکہ انکا انفرادی اسکور 221 رہا تھا۔
21 سالہ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے بتایا کہ شروع سے ہی وہ کین ولیمسن کی بیٹنگ کو بہت پسند کرتےہیں اور انہوں نے کہا کہ شعیب ملک کے ساتھ قریبی تعلق کی وجہ سے ان کے ساتھ ہمشیہ رابطہ رہتا ہے جب بھی ان کے پاس وقت ہوتا ہے، وہ مجھے سمجھاتے رہتے ہیں۔
محمد حریرہ نے کہا کہ اپنی محنت پر یقین رکھتا ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ کسی بھی معاملےمیں کوئی کوتاہی نہ رہ جائے۔ ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین اننگز کے سوال پر حریرہ کا کہنا تھا کہ جس اننگز میں رنز ہوں، وہ اچھی لگتی ہے تاہم اگر کسی بہت خاص اننگز کا ذکر کروں وہ میرے نزدیک ایبٹ آباد میں 170 رنز کی اننگز کھیلی تھی، وہ میری یادگار اننگز رہے گی۔
The post قائداعظم ٹرافی کے ٹاپ اسکورر محمد حریرہ کا فیورٹ کون appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل