بابر اعظم کی فارم پر تشویش کے سائے گہرے ہوگئے

لاہور: بابر اعظم کی فارم پر تشویش کے سائے گہرے ہونے لگے جب کہ گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے اب تک 30اننگز میں 14بار ڈبل فیگر تک نہیں پہنچ پائے۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بابر اعظم ابھی تک مکمل ناکام ثابت ہوئے ہیں،سپر 12 مرحلے کے 5میچز میں انھوں نے 7.80کی اوسط سے صرف 39رنز بنائے،پیسرز شاہین آفریدی اورحارث رئوف کی ایوریج ان سے بہترہے،اکثرففٹی سے کم رنز نہ بنانے والے بیٹر کے بارے میں کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ وہ5میچز میں مجموعی طور پر بھی 50رنز بھی نہیں بنا سکیں گے۔

انھوں نے سب سے بڑی اننگز 25 کی بنگلہ دیش کیخلاف کھیلی،اس سے قبل وہ تمام میچز میں ایک بار بھی ڈبل فیگر تک رسائی نہیں حاصل کرپائے تھے،بابر کا ستارہ گردش میں ہونے کی باتیں ہونے لگی ہیں،موجودہ اور ماضی کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو حقیقت سامنے آجاتی ہے۔

ڈیبیو سے گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز تک بابر بطور اوپنر 36اننگز میں صرف 7بار ڈبل فیگر تک رسائی نہیں حاصل کرسکے تھے،اس کے بعد کی 30اننگز میں 14بار ان کا اسکور 10سے کم رہا،ان میں سے 4تو حالیہ ورلڈکپ میں تھیں۔

بابر اب بھی ٹاپ اسکوررز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، انھوں نے ایک سنچری اور 5 ففٹیز بنائی ہیں مگر حالیہ کارکردگی پر سوالیہ نشان ثبت ہے،ہدف کے تعاقب میں بہترین اننگز کھیلنے کی شہرت رکھنے والے بیٹر کے 14میں سے 8سنگل فیگر اسکور اس وقت تھے جب دوسری ٹیموں نے پاکستان کیلیے ٹارگٹ سیٹ کیا۔

ایک تجزیے کے مطابق 28اننگز میں سے 6بار بابر اعظم جارحانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے،محمد رضوان کی جانب سے سست آغاز کی کمی پوری کرنے کیلیے اپنائی جانے والی حکمت عملی ان کو مہنگی پڑتی ہے۔

The post بابر اعظم کی فارم پر تشویش کے سائے گہرے ہوگئے appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں