کراچی: لیموں قدرت کے انمول تحفوں میں سے ایک ہے۔ گرمیوں کی آمد ہے اور لیموں پانی آپ کے لیے بہت سے فوائد کی وجہ بنتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرمیاں لیموں کے استعمال کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔
وٹامن سی کا خزانہ
لیموں وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے اور یوں ہمارے جسم کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے محفوظ رکھتے ہوئے کینسر سمیت کئی امراض سے بچاتا ہے۔ لیموں کے متعلق لاتعداد سائنسی تحقیق کی گئی ہے جس میں یہ قلب کے لیے بھی مفید ثابت ہوا ہے۔
ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ 24 گرام لیموں پانی اگر ایک ماہ تک استعمال کیا جائے تو اسے خون میں کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے۔ یہ وہی کولیسٹرول ہے جو خون کو گاڑھا کرکے فالج اور امراضِ قلب کی وجہ بنتا ہے۔
وزن گھٹائے
بعض تحقیقات بتاتی ہیں کہ لیموں کا باقاعدہ استعمال وزن کم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مثلاً ایک خیال تو یہ ہے کہ لیموں میں حل پذیر ریشہ (فائبر) پیکٹن بھی پایا جاتا ہے۔ جب یہ فائبر معدے میں جاتا ہے تو پھیل کر ہمیں پیٹ بھرے ہونے کا احساس دلاتا ہے۔ اس طرح اندھا دھند کھانے سے ہم بچ جاتے ہیں۔
دوسرا خیال ہے کہ نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر بالخصوص پیٹ کی چربی گھلانے میں مدد ملتی ہے۔ ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب موٹے چوہوں کو لیموں کے پولی فینولز کیمیکل دیئے گئے تو دیگر چوہوں کے مقابلے میں وہ تیزی سے پتلے ہونے لگے۔
گردے کی پتھری اور لیموں
ہم جانتے ہیں کہ گردے کی پتھری کا علاج کیا جائے تب بھی اس کے دوبارہ بننے کے خطرات اپنی جگہ برقرار رہتے ہیں۔ اس ضمن میں لیموں کا عرق ایک شافی علاج کے طور پر جانا جاتا ہے۔
لیموں میں موجود سٹرک ایسڈ ایک جانب تو پیشاب کو بڑھاتا ہے اور اس کے پی ایچ میں اضافہ کرتا ہے۔ ان دونوں صورتوں میں گردوں میں پتھری بننے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ یہ بات سائنسی طور پر ثابت ہے۔
اگر روزنہ نصف کپ یا 125 ملی لیٹر لیموں کا عرق پیا جائے یا پانی میں ملاکر لیموں پانی بنایا جائے تو اتنا سٹرک ایسڈ مل جاتا ہے کہ گردوں میں پتھری کی افزائش کو روکا جاسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس عمل میں بدن پر کئی مضر اثر پیدا نہیں ہوتا۔
کینسر کو دور رکھے
جدید تحقیق سے لیموں کا سب سے تازہ ترین فائدہ یہ سامنے آیا ہے کہ یہ سرطان کو روکنےکی غیرمعمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سے قبل کئی تحقیقات اور میٹا سروے سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے لیموں استعمال کرتے ہیں ان میں سرطان کی شرح کم دیکھی گئی ہے۔
وجہ یہ ہے کہ لیمونین اور نارنگینن نامی دو مرکب کینسر کے خلاف مؤثر ثابت ہوئے ہیں اور کئی اقسام کے سرطان کے حملے کو پسپا کرتے ہیں۔
The post لیموں کے غیرمعمولی طبی فوائد appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت