لاہور: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایشیا کپ کے انعقاد کی اب بھی امید ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے امکانات ابھی موجود ہیں۔
بھارتی ٹیم کے لیے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے سے گریز پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب بھارت کی برج، والی بال، بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان آ سکتی ہے تو کرکٹ ٹیم کیوں نہیں ؟
نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کیا تو ہم نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا اوربھارت سے کہا کہ وہ اپنے میچز کسی دوسرے وینیو پر کھیل لے، باقی میچز پاکستان میں ہونے چاہئییں، ہم نے ایسا شیڈول دیا جو ہر صورت قابل قبول تھا.
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ بھارت میں بھی حالات خراب ہوتے ہیں لیکن وہاں کرکٹ نہیں رکتی، بھارت کو پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،8 سالوں میں دنیا کے ٹاپ کھلاڑی پاکستان آ کر کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے موقف سے حیرانی ہوئی،ایک ماہ پہلے اے سی سی کی میٹنگ میں یہ دونوں بورڈز ہائبرڈ ماڈل کے حامی تھے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ کا 80 فیصد ریونیو پاک بھارت میچ سے آتا ہے، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو میچز ہوتے ہیں، اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جائیں تو تین میچز ہوجاتے ہیں۔
The post پاکستان میں ایشیا کپ کے انعقاد کی اب بھی امید ہے، نجم سیٹھی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل