جونئیر ہاکی ایشیاکپ میں پاکستان کو سلور میڈل دلوانے والے پلئیرز وطن واپسی پر رکشوں میں سفر کرنے پر مجبور ہوگئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج اوپنر عمران نذیر نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جونئیر ہاکی ٹیم کے کھلاڑی رکشے سے اُتر کر اپنے سامان کے ہمراہ اسٹیڈیم کی طرف جارہے ہیں۔
عمان کے شہر صلالہ میں جونئیر ہاکی ٹیم نے پاکستان کو سلور میڈل دلوایا جبکہ وطن واپسی پر انکا استقبال بھی کیا گیا تاہم کھلاڑیوں کو پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے کوئی انعامی رقم تک نہ دی گئی۔
مزید پڑھیں: جونئیر ہاکی ایشیاکپ؛ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنیوالی ٹیم ڈیلی الاؤنس سے محروم
تین روز قبل پہنچنے والی ٹیم کا سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین، اولمپیئن توقیر ڈار، ڈی ایچ اے کے بریگیڈیئر منیر باجوہ اور دیگر نمائندگان نے ٹیم کا استقبال کیا تھا۔
جونئیر ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان ٹیم نے دوسری پوزیشن پر قابض ہوتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا تھا جبکہ ٹاپ فور میں جگہ بنا کر جونیئر ورلڈ کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
مزید پڑھیں: جونئیر ہاکی ایشیاکپ کے فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست
پاکستان کو ایونٹ کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 1-2 سے شکست ہوئی تھی جبکہ گروپ میچ میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
واضح رہے کہ جونئیر ہاکی ایشیاکپ کا فائنل کھیلنے والی قومی ٹیم تاحال ڈیلی الاؤنس سے بھی محروم ہے، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یومیہ 100 ڈالر ملنا تھے تاہم فنڈز کی کمی کے باعث ایسا نہ ہوسکا۔
The post سلور میڈل جیتنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی رکشوں میں سفر کرنے پر مجبور appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل