کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان اور دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی کپ اپنے نام کرسکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اس مرتبہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ایشیا میں منعقد ہو رہا ہے، اس لحاظ سے کسی ایشیائی ٹیم کو ہی عالمی کپ جیتنا چاہیے، امید ہے کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ عالمی کپ کی ٹاپ فور ٹیموں میں بیشتر کا تعلق ایشیا سے ہوگا، انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں شرکت سے قبل پاکستانی ٹیم کو جتنے زیادہ پریکٹس میچز کھیلنے کا موقع ملے گا وہ ہماری ٹیم کے لیے زیادہ سود مند رہے گا، پریکٹس میچز میں ہار جیت سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔
دورہ سری لنکا کے حوالے سے سوال کے جواب میں وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ کراچی میں قومی تربیتی کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے، کراچی اور سری لنکا کے موسم میں قدر مماثلت ہونے سے ہمارے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کا فائدہ پہنچے گا جبکہ ٹیسٹ میچز سے قبل پریکٹس میچز کا انعقاد بھی سودمند ثابت ہوگا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان بنائے جانے کے اعلان کے بعد ان کی قومی ٹیم میں جگہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں محمد سرفراز احمد نے کہا کہ اس ضمن میں کپتان یا ٹیم منجمنٹ کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، وہی زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ اس سلسلےمیں کیا پلاننگ ہوگی۔
The post پاکستان عالمی کپ اپنے نام کرسکتا ہے، سرفراز احمد appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل