نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے افغانستان کیخلاف میچ میں کئی ریکارڈز بنا ڈالے۔
بدھ کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کیخلاف ورلڈ کپ کے میچ میں روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 16 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
بھارتی اوننگ بیٹسمین روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے تمام فارمیٹس کے بین الاقوامی میچز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا۔
روہت شرما اب 554 چھکوں کے ساتھ پہلے، کرس گیل 553 چھکوں کے ساتھ دوسرے اور شاہد آفریدی 476 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
روہت شرما نے اپنی طوفانی سنچری صرف 63 گیندوں پر مکمل کی جو ابتک کسی بھی بھارتی بلے باز کی ولڈ کپ میچ میں بنائی گئی تیز ترین سنچری تھی۔ اس سے قبل وریندر سہواگ نے 2007 کے ورلڈ کپ میچ میں برمودا کیخلاف 81 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
ویرات کوہلی 2011 کے ورلڈ کپ میچ میں بنگلہ دیش کیخلاف 83 گیندوں، 2015 میں آئرلینڈ کیخلاف شکر دھون اور 1999 میں کینیا کیخلاف سچن ٹنڈولکر 84، 84 گیندوں پر سنچریاں بناچکے ہیں۔
روہت شرما ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 2015 کے ورلڈ کپ میں ایک، 2019 کے ورلڈ کپ میں پانچ سنچریاں بنائی تھیں اور رواں ورلڈ کپ میں وہ اب ایک سنچری بناچکے ہیں۔
سابق بھارتی لیجنڈ بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ورلڈ کپ میچز میں 6 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کے سابق مایہ ناز سابق بلے باز کمار سنگاکارا اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 5،5 سنچریوں کیساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔
روہت شرما نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا کارنامہ صرف 19 اننگز میں انجام دیا ہے۔ ٹنڈولکر نے 44، کمار سنگاکارا نے 35 اور رکی پونٹنگ نے 42 ورلڈ کپ اننگز کھیل کر اپنی سنچریاں بنائیں۔
The post افغانستان کیخلاف ورلڈ کپ میچ میں روہت شرما نے کئی ریکارڈز بنا ڈالے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل