چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے ایک لیپ ٹاپ بنایا ہے جو شمسی توانائی سے باآسانی چارج کیا جاسکتا ہے۔ چینی کمپنی لینووو کے بنائے گئے نئے لیپ ٹاپ کی کیسنگ میں سولر پینلز لگائے گئے ہیں جو گھر سے باہر ہونے پر ڈیوائس کو چارج کر سکتے ہیں۔ 3-6 مارچ تک بارسیلونا میں منعقد ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کیے جانے والے اس نئے یوگا سولر پی کے حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ صرف 20 منٹ کی سولر چارجنگ سے لیپ ٹاپ پر ایک گھنٹے کا ویڈیو پلے بیک مل سکتا ہے۔ اس ’الٹرا سلم‘ لیپ ٹاپ کی موٹائی صرف 15 ملی میٹر ہے اور وزن 1.22 کلو گرام ہے۔ یہ لیپ ٹاپ تکنیکی اعتبار سے فی الحال ایک خیال ہے لیکن جلد اس کو فروخت کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔ لیپ ٹاپ کے متعلق لیونووہ کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صارف کے لیے کسی بھی جگہ (اندرون یا بیرون) کو پروڈکٹیو ورک اسپیس بنانا ہے۔ سولر سیلز لیپ ٹاپ کی کیسنگ کے اوپر کے حصے میں لگائے گئے ہیں جس میں اسکرین لگی ہوتی ہے اور لینووو دعویٰ ہے کہ اس کے لگائے پینلز کی روشنی کو بجلی میں بدلنے کی شرح 24 فی صد ہے۔
Tags:
سائنس وٹیکنالوجی