لیڈز: ورلڈ کپ میں آج افغانستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان میچ ہوگا جب کہ میگا ایونٹ کی ناکام ترین افغان سائیڈ فتح کی پیاس بجھانے کیلیے بے قرار ہے۔
افغانستان واحد ٹیم ہے جو رواں ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی، بھارت اور پھر پاکستان کیخلاف اس نے کامیابی کا امکان روشن کیا مگر خالی ہاتھ رہ گئی، جن اسپنرز کے بل بوتے پر افغانستان دنیا کو حیران کرنے کیلیے پُراعتماد تھا وہ ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی کارکردگی پیش نہیں کرپائے جبکہ فاسٹ بولرز اور بیٹسمین بھی ناکام رہے۔
افغان ٹیم کو امید ہے کہ وہ اپنے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو زیر کرکے کم سے کم ایک فتح اپنے نام درجن کرانے میں کامیاب ہوجائے گی، اس کی وجہ سے حریف کیخلاف گذشتہ مکمل ہونے والے 4 میں سے تین میچز میں کامیابی ہے، اس میں گذشتہ برس ورلڈ کپ کوالیفائرز کے فائنل میں 7 وکٹ کی جیت بھی شامل ہے۔
ٹیم کی امیدیں اپنے 18 سالہ بولر مجیب الرحمان پر مرکوز ہوں گی جو ایونٹ میں نئی گیند کے ساتھ اسٹرائیک بولر رہے ہیں، انھوں نے ورلڈ کپ کوالیفائر فائنل میں 43 رنز کے عوض 4 وکٹیں لی تھیں، اب ان سے ویسی ہی کارکردگی کی توقع ہو رہی ہے۔
افغان سائیڈ کی طرح ویسٹ انڈین ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں آل رائونڈ پرفارم پیش کرنے میں ناکام رہی، اسے اب تک واحد کامیابی ابتدائی میچ میں پاکستان کے خلاف حاصل ہوئی تھی۔ کچھ اچھی انفرادی پرفارمنس کے باوجود بطور ٹیم وہ حریف سائیڈز پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے، شائی ہوپ امیدوں کا محور ہوں گے، اگرچہ وہ ایونٹ میں ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن کے ساتھ داخل ہوئے تھے مگر 7 اننگز میں صرف 197 رنز ہی بنا پائے ہیں۔
لیڈز میں دن کا آغاز دھوپ سے ہوسکتا ہے تاہم بعد میں شمال سے گہرے بادلوں کی آمد متوقع جبکہ ہوا بھی چلتی رہے گی، ہیڈنگلے میں کھیلے گئے گذشتہ 2 میچز کی طرح اس بار بھی بعد میں بیٹنگ مشکل ہوگی، اسی لیے ٹاس اہمیت کا حامل ہے۔
The post ناکام ترین افغانستان فتح کی پیاس بجھانے کیلیے بے قرار appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل