لندن: انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ فائنل کی ٹکٹیں لاکھوں روپے میں فروخت ہونے لگیں۔
آئی سی سی کی وارننگ کے باوجود شائقین بلیک میں دھڑا دھڑ ٹکٹ خریدنے میں مصروف ہیں، ورلڈ کپ منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہا کہ جس نے غیرتصدیق شدہ آن لائن پلیٹ فارم سے ٹکٹ خریدی اسے اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا، دونوں میں سے کسی کو بھی کامیابی ملے دنیا کو نیا چیمپئن دیکھنے کوملے گا، اس تاریخی موقع کا گواہ بننے کیلیے لارڈز میں شیڈول اس مقابلے کیلیے ٹکٹوں کی طلب بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔
آئی سی سی نے خبردار کیا کہ آفیشل ری سیل پلیٹ فارم کے علاوہ کسی اور جگہ سے ٹکٹ خریدے گئے تو وہ منسوخ کردیے جائیں گے، مگر یہ وارننگ بھی شائقین کو مہنگے داموں ٹکٹ خریدنے سے باز نہیں رکھ سکی۔ مختلف ری سیلر ویب سائٹ پر ٹکٹیں اپنے اصل دام سے کہیں زیادہ مہنگی فروخت کی جارہی ہیں، کامپٹن اسٹینڈ کی ایک ٹکٹ کے لیے 14 لاکھ روپے سے زائد کی ڈیمانڈ کی گئی جبکہ اصل قیمت 25 ہزار کے قریب تھی۔
اسی طرح دیگر پیکجز ڈھائی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے میں فروخت کیے جارہے تھے۔ آئی سی سی کے ورلڈ کپ مینجنگ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی پہلے ہی خبردار کرچکے کہ شائقین کسی تھرڈ پارٹی ری سیل پلیٹ فارم سے ٹکٹ نہ خریدیں،ٹکٹوں کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہونے کے باوجود ہم نے بڑی محنت سے اس بات کو یقینی بنانا چاہاکہ صرف حقیقی شائقین ہی مناسب قیمت پر ٹکٹ خریدیں، اس لیے سیکنڈری ٹکٹنگ ویب سائٹ پر یہ ٹکٹ فروخت ہوتے دیکھ کر ہمیں کافی مایوسی ہوئی ہے۔
برطانوی قوانین کی وجہ سے ہم شائقین کو وہاں سے ٹکٹ خریدنے سے تو نہیں روک سکتے مگر ایسے ٹکٹ ہولڈرز کو گرائونڈ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یاد رہے کہ لارڈز میں شیڈول فائنل کیلیے 4 سیکشن پلاٹینیم، گولڈ، سلور اور برانز میں ٹکٹ فروخت کیے گئے،ان کی قیمت95 سے395 پائونڈ تک تھی۔
The post فائنل کی ٹکٹیں لاکھوں روپے میں فروخت ہونے لگیں appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل