لاہور: آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی اتوار کو نئے مالک کی منتظر ہوگی سونے اور چاندی کا امتزاج، وکٹوں اور گلوب طرز کی گیند سے مزین ٹرافی کو پال مارسیڈن نے ڈیزائن کیا فاتح ٹیم کو 40لاکھ ڈالر انعام ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کی چمچماتی ٹرافی 1999کے ایونٹ کیلیے بنائی گئی تھی، بعد ازاں یہ ہر فاتح ٹیم کو منتقل ہوتی رہی،اس کو پال مارسیڈن نے ڈیزائن کیا تھا،سونے اور چاندی کے امتزاج سے بنائی گئی ٹرافی کی اونچائی 60سینٹی میٹر اور وزن 11 کلو ہے۔
سلور رنگ کے کالمز اسٹمپس کی طرز پر بنائے گئے ہیں، گلوب طرز کی گولڈن گیند ان کے اوپر نصب کی گئی،گذشتہ ٹائٹلز جیتنے والی ٹیموں کے نام پلیٹ فارم پر کندہ کیے گئے ہیں،بنیادی تصور میں کرکٹ کو عالمی سطح پر تیزی سے فروغ پانے والا کھیل ظاہر کیا گیا،اس بار ٹرافی کا نیا مالک سامنے آئے گا۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں سے کوئی بھی جیتے اپنی تاریخ میں پہلی بار عالمی ٹائٹل پر قبضہ جمائے گا،ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کو 40لاکھ ڈالر پر قبضہ جمانے کا موقع بھی ملے گا،فائنل میں مات کھانے والی سائیڈ 20لاکھ ڈالر کی حقدار بنے گی،قبل ازیں سیمی فائنل تک محدود رہنے والی آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کو 8لاکھ ڈالر تک اکتفا کرنا پڑا۔
اس کے علاوہ ہر لیگ میچ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو 40ہزار ڈالر حاصل ہوئے،مجموعی طور پر اس مرحلے کیلیے 18لاکھ ڈالر مختلف ٹیموں میں کارکردگی کے لحاظ سے تقسیم ہوں گے، انگلینڈ کے 11وینیوز پر 46روز تک جاری رہنے والے ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالر رکھی گئی تھی۔
The post کرکٹ ورلڈکپ ٹرافی آج نئے مالک کی منتظر ہوگی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل